کھلاڑیوں اور فنکاروں کی پشاور میں خودکش حملے کی شدید مذمت

یہ حملے ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں نہ مساجد خالی کراسکتے ہیں، محمد رضوان، بابر اعظم،نسیم شاہ، شاہین آفریدی، جنید خان اور دیگر کھلاڑیوں کے بھی تعزیتی پیغامات: اللہ کیلیے بے گناہوں کو بخش دو، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید اور فیصل قریشی کا دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

 پشاورپولیس لائنز کی مسجد میں گزشتہ روز خودکش حملے میں 88 افراد کی شہادت اور درجنوں افراد کےزخمی ہونے پر جہاں پورا ملک سوگوار ہے وہیں کھلاڑیوں اور شوبزشخصیات نےبھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی،جنید خان،اداکار ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، عثمان خالد بٹ، ماہرہ خان،صبا قمر،سجل علی اور دیگر نے شہدا کیلیے دعائے مغفرت اور پسماندگان کیلیے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پولیس لائنز مسجد میں خودکش دھماکہ : 87 افراد شہید ، 170 سے زائد زخمی

کوہاٹ: تاندہ ڈیم میں کشتی ڈوبنے سے 10 بچے جاں بحق ہوگئے

 

کپتان بابر اعظم نے ٹوئٹ میں لکھاکہ”پشاور سے افسوسناک خبر،جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔ اللہ پاک ہمارے پیارے ملک پر رحم فرمائے“۔

وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ” ہم بہادر قوم ہیں، نہ ہی یہ سانحے ہمارے حوصلے توڑ سکتے ہیں اور نہ ہماری مساجد خالی کرسکتے ہیں، انشااللہ۔ بس دل میں یہی سوال آتا ہے کہ اس کا شکوہ ہم کس سے کریں؟اللہ پاک پاکستان کی حفاطت فرمائیں اور محبت و عافیت کی ہوا چلادیں،آمین“۔

فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”اپنے ملک کے لوگوں کو تکلیف میں دیکھ کرمیرا دل رو رہا ہے، تمام زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا گو ہوں، تمام متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتاہوں، یہ لازمی بند ہوناچاہیے“۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنے ٹوئٹ میں پشاور دھماکے کے متاثرین اور ان کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ ہمیں وہ امن لوٹادے بحیثیت قوم   جس کے ہم مستحق ہیں۔

فاسٹ بولر جنید خان نے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ”آخر کیوں؟ کیوں ہر بار پختونوں کے ساتھ ہوتا ہے؟ پشاور میں دھماکے پر حیران اور افسردہ ہوں، اللہ لواحقین کو ناقابل برداشت نقصان کو برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے“۔

شعیب ملک نے پشاور کی مسجد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں ان مشکل حالات میں متحد رہنے کی ضرورت ہے۔

سابق کرکٹر محمد حفیظ نے بھی پشاور دھماکے پر افسوس کااظہار کیا۔

سینئر اداکار عدنان صدیقی نے پشاور دھماکے  پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ   عبادت گاہ پر حملہ ناقابل بیان جرم ہے، اللہ کے لیے بے گناہوں کو چھوڑ دو۔ وہ صرف سکون سے نماز پڑھ رہے تھے، دہشت گردوں کا نہ کوئی ضمیر ہوتا ہے اور نہ ہی کوئی مذہب۔

اداکار ہمایوں سعید نے شہدا، زخمیوں اور ان کے خاندانوں کےلیے دعاکرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھاکہ امن و استحکام میں خلل ڈالنے والے ان عناصر کے خلاف حکام سے فوری کارروائی کی امید ہے۔

اداکار فیصل قریشی نے خودکش حملے کا نشانہ بننے والی پشاور پولیس لائنز کی مسجد کی وڈیو ٹوئٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھاکہ انسداد دہشت گردی کی تازہ مہم شروع کرنے کا وقت آگیا ہے۔

اداکارہ ارمینا خان  نے اپنے ٹوئٹ میں سوال اٹھایا کہ”یہ کون سے مسلمان ہیں جو مساجد  کو شہید کرتے ہیں؟ کہاں لکھا ہے ہمیں بھی پتہ چلے۔

اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے ٹوئٹ میں پشاور  لکھ کر ٹوٹے ہوئے دل کا اموجی بنایا۔

اداکار عثما ن خالد بٹ نے اپنے طنزیہ ٹوئٹ میں لکھاکہ”شدید مذمت، دعائیں،اظہاریکجہتی ، پھر دھودیں  ،ہر حکومت  یہی کرتی ہے“۔

اداکارہ صبا قمر، سجل علی اور دیگر نے بھی پشاور دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر