ممنوعہ فنڈنگ کیس: بینکنگ کورٹ نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 15 فروری کو عمران خان نہ آئے تو ضمانت خارج کردیں گے۔

اسلام آباد کی بینکنگ عدالت نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 15 فروری تک توسیع کر دی، جب کہ عمران خان کی وڈیو لنک پر حاضری لگوانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ذاتی طور پر پیش ہونے کا حکم دیا۔

سماعت میں وکیل نے پیش ہوکر استثنیٰ کی درخواست دائر کی، وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ان کے مؤکل کو ایک سے زیادہ گولیاں لگی ہیں جس کے باعث نقل و حرکت نہیں کر پا رہے، ایف آئی اے خود زمان پارک نہیں آنا چاہتی تو سوالنامہ دے دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیے

عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے جارحانہ سیاست کا آغاز کردیا

مریم نواز کی آمد کے بعد مشکلات میں گھری عوام مزید اذیت میں مبتلا ہوگئی

اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی نے کہا کہ کئی ویڈیوز دکھا سکتے ہیں جن میں عمران خان چل پھر رہے ہیں، غریب آدمی پیش نہ ہو تو ضمانت منسوخ ہوجاتی ہے، عمران خان آج وارننگ کے باوجود پیش نہیں ہوئے، عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے، قانون اندھا ہوتا ہے مگر اتنا بھی نہیں۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل سے کہا کہ بس بہت ہوگیا، اب میرے پاس کوئی آپشن نہیں، میرٹ پر آپ کا کیس چلے گا ، جو بھی ہو ذاتی حاضری ضروری ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ 15 فروری کو عمران خان نہ آئے تو ضمانت خارج کردیں گے اور 15 فروری کو نئی کوئی درخواست بھی لانے کی کوشش کی تو بھی ضمانت خارج ہو گی۔

عدالت نے عمران خان کی وڈیو لنک پر حاضری لگوانے کی درخواست بھی مسترد کر دی گئی۔ بینکنگ عدالت کی جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بے شک میرے سامنے آکر کھڑے نہ ہوں، وہ نیچے آئیں اور حاضری لگوا دیں۔

جج نے کہا کہ اپنا مائنڈ پیشگی ظاہر کرنا کہیں یا جو مرضی، بتا دیا، نہ آئے تو ضمانت خارج ہو گی۔

عمران خان کے وکلا نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ 10 فروری کو ایک اور سماعت بھی ہے، تاریخ کوئی اور دے دیں۔ جج نے کہا کہ میں اپنا آرڈر لکھوا چکی ہوں، تاریخ بدلنی ہے تو درخواست دیں۔

عمران خان کے شریک ملزمان کی درخواست پر تاریخ تبدیل کر دی گئی۔ عمران خان اور دیگر کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی آئندہ سماعت 15 فروری کو ہو گی۔ ملزمان کو 15 فروری کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل عدالت نے کیس کی سماعت 10 فروری تک ملتوی کی تھی۔

بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 31 جنوری تک توسیع کی تھی۔

متعلقہ تحاریر