وزیراعظم کی عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت، چیئرمین تحریک انصاف کا ٹوئٹ کے ذریعے صاف انکار

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آل پارٹیز کانفرنس میں مدعو کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے لیے  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو دعوت دے دی ہے۔ دوسری طرف عمران خان نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے جمعرات کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں مدعو کیا جس کا مقصد ملک کو درپیش مشکل معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نمٹنے کے لیے حل تلاش کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیراعظم نے ایک اور انمول رتن رکھ لیا، جواد سہراب ملک معاون خصوصی مقرر

وفاقی وزرا حکومتی فرائض چھوڑکر مریم نواز کی آہ و بھگت میں مصروف

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر اعظم تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو ایک میز پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ وہ سر جوڑ کر "اہم قومی چیلنجز” سے نمٹنے کے طریقے تلاش کر سکیں۔ آل پارٹیز کانفرنس 7 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی وزیر ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے اعلیٰ رہنماؤں بشمول سابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطے کیے ہیں اور انہیں اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

دعوت ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ پی ڈی ایم کی زیرقیادت حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان تقریباً تمام قومی مسائل پر ہمیشہ ہی جھگڑا رہا ہے۔ اور اس میں بگاڑ اس وقت سے زیادہ ہو گیا ہے جب سے عمران خان کی حکومت کو ایک عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعے ختم کیا گیا۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان کو دہشت گردی کے شدید خطرے اور پریشان کن معاشی اور سیاسی حالات کا سامنا ہے، جس میں جلد ہی نکلنے کے آثار دکھائی نہیں دے رہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے ، جوکہ آج پشاور میں شیڈول ہے۔

وفاقی وزراء کے مطابق اپیکس کمیٹی اجلاس میں تمام اسٹیک ہولڈرز ، پولیس، رینجرز، انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران  اور دیگر اہلکار بھی شرکت کریں گے۔

اجلاس میں پیر کے پشاور خودکش بم دھماکے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے طریقوں اور پولیس اور انسداد دہشت گردی کے محکمے (سی ٹی ڈی) کی اپ گریڈیشن پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت سے انکار کرتے ہوئے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ” میں سازش اور ہارس ٹریڈنگ کے ذریعے قوم پر مسلط کردہ اس امپورٹڈ سرکار کو ہرگز تسلیم نہیں کرتا۔ 10 ماہ میں اس حکومت کے ہاتھوں معیشت کی تباہی، ننگی فسطائیت کے ذریعے جمہوریت کے قتل، قانون کی حکمرانی اور بنیادی حقوق کے خاتمے ، اور دہشت گردی کو اپنی ناک تلے پھیلنے کی اجازت دیے جانے پر نگاہ ڈالتا ہوں تو سوچتا ہوں کہ شہباز شریف اتنا بے شرم کیسے ہو سکتا ہے!”

متعلقہ تحاریر