سابق صدر پرویز مشرف کی میت کراچی منتقل، تدفین آج ہوگی

جنرل(ر) پرویز مشرف کی میت گزشتہ رات خصوصی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچائی گئی ، نمازجنازہ دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر پولو گراؤنڈ ملیر گیریژن میں ادا کی جائے گی

سابق صدر پاکستان اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو آج پورے قومی اعزاز کے ساتھ کراچی میں سپردخاک کیا جائے گا۔

سابق صدر کی میت خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی سے کراچی پیہنچ گئی۔ فنکاروں اور کھلاڑیوں نے سابق صدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

جنرل (ر) پرویز مشرف کی فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین پی ڈی ایم کے بیانیے کا امتحان ہوگی

سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف دبئی میں انتقال کرگئے

سابق صدر کی میت  دبئی سے  خصوصی طیارے کے ذریعے گزشتہ رات کراچی پہنچائی گئی، خصوصی طیارے میں سابق صدر کی بیوہ صہبا مشرف، صاحبزادے بلال مشرف اور صاحبزادی بھی ساتھ آئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  سابق صدر کی نمازجنازہ آج دوپہر ایک بج کر 45 منٹ پر ملیر گیریژن میں واقع پولوگراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔

شوبز شخصیات اور کھلاڑیوں نے اپنے پیغامات میں سابق صدر کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ سابق صدر کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ کا حصہ رہنے والی سینئر اداکارہ  عتیقہ اوڈھو نے انسٹاگرام پر سابق صدر کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھاکہ”آج مجھ سمیت تمام سچے پاکستانیوں ، صدر پرویز مشرف کے اہلخانہ اور دوستوں کیلیے انتہائی افسوسناک دن ہے“۔

انہوں نے کہا کہ  سابق صدر  ایک عظیم اورمہربان انسان اورہمیشہ ملک سے محبت کرنے والے  اور اس کے ترقی پذیر مستقل کی خواہش رکھنے والے رہنما تھے۔اداکارہ نے کہا کہ” میں  نے آج ایک سرپرست اور والد جیسی شخصیت کھو دی ہے، اللہ انہیں جنت میں جگہ دے جس کے وہ حقدار  ہیں“۔ انہوں نے ملک کیلیے خدمات انجام دینےپرسابق صدر کا شکریہ اداکیا۔

اداکارہ نے اپنی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے مرحوم کے دور صدارت میں ان سے لیے گئے انٹرویوکا ایک وڈیو کلپ بھی شیئر کیا۔

اداکار عدنان صدیقی نے بھی جنرل(ر) پرویز مشرف  کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں  ایک بہادر سپاہی، بہادر افسر، عظیم رہنما اور ایک سچا محب وطن قرار دیا۔

عدنان صدیقی نے لکھاکہ  جنرل پرویز مشرف کے اتنے ہی مخالف تھے جتنے مداح، مرحوم اپنے سفر آخرت پر احترام کے مستحق ہیں۔ اللہ جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے،آمین“۔

اداکار و گلوکارفرحان سعید،سجل علی اور مومنہ مستحسن نے بھی سابق صدر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلیے دعائے مغفرت کی۔

گلوکار  و میزبان فخر عالم نے بھی سابق صدر کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئےان کے مخالفین سے  کہاکہ”  آپ سیاسی اسکور  کسی اور دن برابر کر سکتے ہیں، کسی کا انتقال ہو گیا ہے۔ آئیے ہم ہر چیز کو اپنی سیاست اور تقسیم  کی نظر نہ کریں، چند چیزوں کو ان سے پاک رکھاجاسکتا ہے“۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کےکپتان بابراعظم، سابق کپتان سرفراز احمد،شعیب ملک، امام الحق اور سابق ٹیسٹ کرکٹر کامران اکمل نے بھی پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

متعلقہ تحاریر