شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، 7 دہشتگرد ہلاک
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب میرنشاہ سے گرفتار دہشتگردوں کو بنوں منتقل کیا جارہا تھا ، مارے گئے 3 دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 7 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا جب پہلے سے گرفتار دہشتگردوں کو بنوں منتقل کیا جارہا تھا۔ میرعلی میں گھات لگائے دہشتگردوں کے ساتھیوں نے سیکورٹی فورسز پر حملہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیے
ارشد شریف قتل کیس: سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی تفتیش سے غیرمطمئن
انتخابی شیڈول دینے کا معاملہ: الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز نے بروقت بھرپور جوابی کارروائی کی اور اس کارروائی کے دوران 7 دہشتگرد مارے گئے۔
سیکورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار حملہ آور اور 3 سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ گذشتہ رات اس وقت پیش آیا جب میرنشاہ سے گرفتار دہشتگردوں کو بنوں منتقل کیا جارہا تھا ، دہشتگردوں کی فائرنگ سے سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ گاڑیوں میں بیٹھے ہوئے حملہ آوروں کے 3 ساتھی بھی مارے گئے۔
فائرنگ کے تبادلے کے بعد علاقے کا سرچ آپریشن کیا گیا اور جائے وقوعہ سے چار دہشتگردوں کی مزید لاشیں ملی ہیں۔
سیکورٹی فورسز کے مطابق مارے گئے چار دہشتگردوں میں سے تین کی شناخت ہو گئی ہے ، شناخت ہونے والے دہشتگردوں میں ارشاد اللہ ولد ابوبکر ، جس کا تعلق بلوچی گروپ ہے ، عبدالرحمان کا تعلق غازی فورسز ہے ، جبکہ مہر دین کا تعلق زرگل گروپ سے بتایا جاتا ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔