وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان کو ڈیفالٹ ملک قرار دے دیا

نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اس ملک کا حل آئی ایم ایف کے پاس نہیں ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو نہیں رہا بلکہ ڈیفالٹ ہو چکا ہے۔

معروف نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کر رہا ، پہلے ہی ڈیفالٹ کرچکا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

عمران خان نے جنرل (ر) باجوہ کیخلاف بیان کیوں دیا؟

مریم نواز کی انوکھی خواہش: آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات عمران خان ہی کرے

رہنما ن لیگ خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ایک دیوالیہ ملک کے شہری ہونے کے ناطے ہمیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا چاہیے۔ ملک کے تمام مسائل کا حل آئی ایم ایف کے پاس نہیں بلکہ ملک کے اندر ہی موجود ہے۔

کراچی میں حملے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس چیف کے دفتر پر حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کیا، سیکیورٹی اہلکار رات بھر دہشت گردوں سے مقابلہ کرتے رہے۔

خواجہ محمد آصف کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے ہم سب سیاست دان ، بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ ذمہ دار ہے۔ ڈیڑھ سال پہلے ایک مرتبہ پھر سے دہشتگردوں کو اس ملک میں لاکر بسایا گیا ، ایسے کھیل کھیلے گئے کہ دہشتگردی ہمارا مقدر بن گئی ہے۔

متعلقہ تحاریر