صدر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے حکم کے مطابق پنجاب اور کے پی میں انتخابات 9 اپریل 2023 کو ہوں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کرنے کی تاریخ دے دی ہے۔ صدر مملکت کے حکم کے مطابق پنجاب اور کےپی میں عام انتخابات 9 اپریل کو ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کے لیے تاریخ دے دی ہے۔

صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 (1) کے تحت 9 اپریل بروز سوموار پنجاب اور خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کے لیے انتخابات کی تاریخ دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

اسپیکر پنجاب اسمبلی اور اسپیکر کےپی اسمبلی نے صدر مملکت کو خطوط لکھ دیئے

غیرمصدقہ آڈیو اور ویڈیو لیکس کا معاملہ: عمران خان کا سپریم کورٹ کے نام خط

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 (2) کے تحت انتخابات کا پروگرام جاری کرے۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے تحت اور آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا ہے ، چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے ، اس لیے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 (1) کے تحت ، صدر کو خصوصی اختیارات کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آئین اور قانون 90 روز سے زیادہ انتخابات ڈیلے کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اور آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کے لیے اپنا آئینی حق استعمال کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آئین کے تحت جو میرا آئینی اور قانونی فرض ہے اسے ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

صدر مملکت نے اپنے حکم میں لکھا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرز نے بھی الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

صدر مملکت نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری نہیں پوری کررہا۔ انتخابات میں تاخیر سے آئینی شقوں کی سنگین خلاف ورزیوں کا خطرہ پیدا ہورہا ہے۔

متعلقہ تحاریر