تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک ، ن لیگ نے پریس کانفرنسز کا ڈھیر لگا دیا

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ اور رہنما ن لیگ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتوں سے ضمانتیں لےکر بچنے کی کوشش کررہے ہیں ، گرفتاری کے نام سے عمران خان پر کپکپی طاری ہو جاتی ہے۔ وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گذشتہ 9 ماہ سے ملک میں تماشہ لگایا ہوا ہے ، پی ٹی آئی نے اپنے تمام سیاسی مخالفیں  کو جیلوں میں ڈالا تھا جبکہ طلال چوہدری کا کہنا ہے کہ جیلیں بھرنے کے لیے حوصلہ چاہیے ہوتا ہے ، عمران خان اپنے دور کی کارکردگی نہیں بتا سکتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی سیاسی جدوجہد کے دوران ایک دن جیل نہیں کاٹی ، مشرف دور میں ایک رات کے لیے جیل گئے تھے اور معاف مانگ کر باہر آ گئے تھے۔ پولیس اور انتظامیہ اس انتظار میں ہے کہ کوئی ایسا لیڈر آئے جو جیل بھرنے کی خواہش رکھتا ہو ، تو اس سے جیل بھری جائے۔ یہ تحریک جیل بھرو سے زیادہ جیل بچو کی تحریک بن چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پرویز الہیٰ کا ماسٹر اسٹورک: چوہدری شجاعت اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کو زور کا جھٹکا

عمران خان کی جیل بھرو تحریک ، ہزاروں کارکنان کس جیل میں جائیں گے

وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں ان کے لیڈر اتنی اتنی بڑی تقریریں کرتے ہیں ، کیا ان کی جیل بھرو تحریک ٹوئٹر ، انسٹاگرام اور فیس بک پر چلنی ہے ، اگر اس پر چلنے ہیں تو ہمیں بتا دیں تاکہ ہم بھی اپنے فونز پر کھول لیں ، شاہ محمود قریشی نے 2 بجکر 34 منٹ پر ٹک ٹاک پر گرفتاری دے دی ، عمران خان نے 2 بجکر 45 منٹ پر فیس بک پر گرفتاری دے دی ، اسد عمر صاحب نے 3 بجکر 15 منٹ پر ٹوئٹر کے اوپر گرفتاری دے دی ، اگر انسٹاگرام ، فیس بک ، ٹک ٹاک اور سوشل میڈیا پر گرفتاریاں دینی ہیں تو پہلے بتا دیں کیوں لوگوں کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ زمان پارک نام تبدیل کرکے ضمانت پارک رکھ دینا چاہیے کیونکہ وہ ضمانتوں پر چل رہے ہیں ، ایک طرف کہتے ہیں کہ ہم جیل بھرنے جارہے ہیں تو دوسری طرف ہاتھ جوڑ کر کہتے ہیں ہمیں ضمانت دے دیں، ضمانت پارک سے جو جیل سے بچو تحریک کا آغاز کیا گیا ہے آج پہلے ہی دن وہ ناکام ہو چکی ، کیونکہ نیت نہیں تھی جیل بھرنے کی ، توشہ خانہ کا ٹرائل ہو تو فرد جرم عائد نہیں کرنے دی جاتی ، نیب  نے 9 اپریل کو آپ کو طلب کیا ہے ، آپ آکر پیش ہوں ، یہ کوئی بات نہیں ہے کہ میری اہلیہ پیش نہیں ہوں گی وہ گھریلو خاتون ہیں ، پورے پاکستان کی سیاست وہ کنٹرول کرتی رہی ہیں ، بزدار کو وزیراعلیٰ انہوں نے لگوایا ، پوسٹنگ ٹرانسفر میں ان کا حصہ تھا ، ہر سرکاری امور میں آپ ان سے مشورہ کرتے تھے ، یہ گھریلو خاتون کو ٹیگ کیا ہوتا ہے ، بی بی کو توشہ خانہ کی چیزوں سے اتنا  لگاؤ ہے کہ ان کی تصویر کھینچنا بھی ممنوع ہے۔ عمران خان اس بات کا حساب نہیں دے رہے کہ جو تحائف بیچ کر پیسے آئے تھے وہ کہاں گئے۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ضمانتوں کے پیچھے نہ چھپیں ، نیب میں آئیں اور جواب دیں ، بتایا جائے جہانگیر ترین کے بچیوں پر کس نے پرچے کٹوائے تھے۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان توشہ خانہ کے چور ہیں اس لیے عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے۔ عمران خان نے ملک کے خلاف خیرات کے پیسے استعمال کیے۔ یہ شخص ہر روز اپنے بیانیے ک دفن کردیتا ہے۔ ان کے پاس اب کرنے کرانے کو کچھ نہیں ہے۔ عمران خان سپریم کورٹ ، ہائی کورٹ اور ایف آئی اے کے سامنے پیش نہیں ہوتے۔ عمران خان کے پاس کسی سوال کا جواب نہیں اس لیے عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہوتے۔ عمران خان کو چارج شیٹ کا جواب دینا ہوگا۔

وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان ن لیگ کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کرسکے ، عمران خان نے پاکستان کی معیشت آئی ایم ایف کے حوالے کی۔

رہنما مسلم لیگ (ن) طلال چوہدری کی میڈیا ٹاک

تحریک انصاف کی جیل  بھرو تحریک کے تناظر میں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ن لیگ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے دور کی کارکردگی کا بتا نہیں سکتے اس لیے جیل بھرو تحریک کا اعلان کررہے ہیں۔ ان کے اپنے بچے لندن میں ہیں اور یہ دوسروں کے بچوں سے جیلیں بھریں گے۔ نواز شریف اپنی  بیٹی کا ہاتھ پکڑ کر جیل گئے تھے۔ لیڈر فرنٹ سے لیڈ کرتا ہے لیڈر بزدل نہیں ہوتا۔ چیئرنگ کراس پر پی ٹی آئی کے 100 سے زیادہ کارکنان نہیں پہنچے۔

متعلقہ تحاریر