ظاہر شاہ کو قائم مقام چیئرمین نیب مقرر کردیا گیا
واضح رہے کہ اکتوبر 2021 میں ظاہر شاہ کو نیب کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کیا گیا تاہم اب وہ نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی تک قائم مقام کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔
وفاقی حکومت نے ہفتہ کے روز ظاہر شاہ کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا قائم مقام چیئرمین مقرر کردیا ہے۔ شاہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے نیب کے ساتھ ہیں اور وہ پہلے ہی ادارے میں مختلف عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، ظاہر شاہ اگلے چیئرمین کی تقرری تک نیب کے سربراہ کے طور پر کام کریں گے۔
یہ بھی پڑھیے
جسٹس مندوخیل کا نوٹ فاروق نائیک کے پاس کیسے پہنچا ؟ تحقیقات کا مطالبہ سامنے آگیا
جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس اعجاز الاحسن کا بینچ سے الگ ہونے کا کوئی قانونی جواز موجود نہیں
نیب 1999 کے ترمیم شدہ نوٹی فیکیشن کے سیکشن 6 (بی)(وی) کی (این) کے مطابق ظاہر شاہ 22-02-2023 سے نئے چیئرمین قومی احتساب بیورو کی تعیناتی تک قائم مقام چیئرمین کے طور پر کام کریں گے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2021 میں ظاہر شاہ کو نیب کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کیا گیا جو ادارے کی انتظامیہ کی نگرانی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ 22 فروری کو آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بناء پر قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ آفتاب سلطان نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو پیش کیا تھا۔ جسے وزیراعظم نے قبول کرلیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے استعفیٰ قبول کرنے کے موقع پر آفتاب سلطان کی خدمات کو سراہا اور ان کی ایمانداری اور راست بازی کو سراہا۔
پرائم منسٹر ہاؤس کے مطابق آفتاب سلطان کے اصرار پر ، وزیر اعظم شہباز شریف نے ہچکچاتے ہوئے ان کا استعفیٰ قبول کیا۔