چئیرمین سینیٹ کا گولڈن جوبلی تقریبات سادگی مگر جوش و جذبے سے منانے کا عزم

صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ سینیٹ کی گولڈن جوبلی  تاریخی نوعیت کی حامل ہے۔ ضروری ہے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی قوتیں اس میں بھرپور شرکت کرکے سینیٹ کی تاریخی اور سیاسی اہمیت کو اجاگر کریں۔

اسلام آباد: گولڈن جوبلی کی تقریبات انتہائی سادگی مگر بھرپور جوش و جذبے سے پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد کی جائیں گی ، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں ایوانِ بالا کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا خصوصی اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا- کمیٹی کے اجلاس میں ملک کے معاشی حالات کے تناظر میں کفایت شعاری اپنانے سمیت اخراجات کو کم سے کم کرنے کے حوالے سے اراکین کے ساتھ تفصیلی مشاورت اور مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔

چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات کے تناظر میں سخت فیصلے کرنے ہونگے-اجلاس میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کئے گئے-وفاقی وزیر خزانہ و  قائد ایوان سینیٹ سینیٹر اسحاق ڈار ، سینیٹر شہادت اعوان ، سینیٹر مشتاق احمد، سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کے علاوہ اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر فیصل سبز واری ، سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے شرکت کی- سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور اعلی حکام بھی اجلاس میں شریک تھے-

اجلاس میں سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

سپریم کورٹ آف پاکستان نے گذشتہ ایک سال کے دوران 24 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے

اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ کا معاملہ: سپریم کورٹ میں درخواستیں سماعت کے لیے مقرر

اس موقع پر چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ سینیٹ کی گولڈن جوبلی  تاریخی نوعیت کی حامل ہے۔ ضروری ہے سینیٹ میں موجود تمام سیاسی قوتیں اس میں بھرپور شرکت کرکے سینیٹ کی تاریخی اور سیاسی اہمیت کو اجاگر کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے شرکاء کو اس دن کے حوالے سے ترتیب دی گئی تقریب کے بارے میں بھی آگاہ کیا- چئیرمین سینیٹ نے بتایا کہ سینیٹ کا خصوصی اجلاس 15, 16 اور 17 مارچ  2023 کو طلب کیا جا چکا ہے جس میں تمام ممبران کو اپنا نقظہ نظر پیش کرنے کا موقع فراہم کیا جائیگا اس اجلاس میں  سابق سینیٹرز کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی مجموعی معاشی صورتحال اور مشکلات کے پیش نظر تقریب کو سادہ مگر پروقار طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے-

چیرمین سینٹ کا کہنا تھا کہ گولڈن جوبلی کے حوالے سے چاروں صوبوں کی صوبائی اسمبلیوں میں بھی شیشنز ہونے تھے لیکن موجودہ معاشی حالات اور حکومت کی کفایت شعاری مہم کے تناظر میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کو صرف پارلیمنٹ ہاوس تک محدود کیا جائے۔غیر ملکی وفود کو بھی خصوصی اجلاس کے لئے مدعو کیا گیا تھا جس میں اتفاق رائے سے تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے-اراکین کمیٹی نے اتفاق کیا کہ حکومتی خزانے پر بوجھ نہ ڈالا جائے گا-

چیئرمین سینیٹ نے اراکین کو بتایا کہ گزشتہ برس بھی ایوان بالا نے 400 ملین روپے حکومتی خزانے میں جمع کرائے تھےاور اس سال بھی ملکی حالات کے مطابق  بہت کم بجٹ رکھا گیا ہے۔ہم یہ فیصلہ کرتے ہیں کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات انتہائی سادگی مگر بھر پور جوش وجذبے سے پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد کی جائیں گی۔

کمیٹی نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹیرینز کے تین ماہ کے لئے غیر ملکی دورں پر پابندی لگائی جائے اور انتہائی ضروری صورت میں  دوروں کی اجازت دی جائے-

چئیرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ قائمہ کمیٹیوں کے چئیرمینوں کے  فیول کی مقدار میں بھی کمی لائی جائیگی- اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ نےسینیٹ کے ملازمین کو موجودہ مالی سال میں کوئی اضافی اعزازئیہ نہ دینے کا فیصلہ کیا-

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جس سے حکومتی اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے-

وزیر خزانہ  سینیٹر اسحاق ڈار نے ملک کے ڈیفالٹ کرنے سے متعلق افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات ضرور ہیں ڈیفالٹ کا کوئی خطرہ نہیں-مؤثر حکومتی پالیسیوں کی بدولت مشکلات پر قابو پالیں گے ۔

ان کا کہنا تھاکہ قوم کو کفایت شعاری اپنانے اور اخراجات پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔بے جا اخراجات سے بچنا ہو گا- بریفنگ دیتے ہوئے وزیر خزانہ بے بتایا کہ ہماری معاشی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے ،مشکل سے نکل آئیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے وزیر خزانہ کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دن رات محنت کرنا ہو گی تب ہی مشکل حالات سے نکل سکیں گے۔چئیرمین سینیٹ نے وفاقی وزیر خزانہ کے فیصلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ آپ کو کامیابی دے جو آپ ملک کے لئے کر رہے ہیں ۔

انہوں نے وزیر خزانہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جلد پاکستان کو ان معاشی مشکلات سے نکالے۔ چیئرمین سینیٹ اور اراکین نے سینیٹر اسحاق ڈار کی کاوشوں کو سراہا ۔

 قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی ملک وقوم کی بہتری کے لئے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کیا اورتجاویز کا خیر مقدم کیا ہے-

سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ کو خط بھی لکھا ہے کہ گولڈن جوبلی تقریبات سادگی سے منعقد کی جائیں تاکہ حکومت پر اضافی اخراجات نہ پڑیں اور چیئرمین سینیٹ نے اچھی تجاویز دیں ہیں ان سے اتفاق کرتے ہیں۔

سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے گولڈن جوبلی تقریبات کے سادگی سے ہوں اور پوری قوم کو پاکستان کی تاریخ اور سینیٹ کے حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے۔

سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گولڈن جوبلی کی تقریبات کا انعقاد سادگی اور پرجوش طریقے سے کیا جائے اور اراکین سینیٹ کی حاضری یقینی بنائی جائے-

سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا حکومت اشیا خوردونوش کی قیمتوں کو کم کرنے کے لئے موثر اقدامات اٹھائے۔

سینیٹر مولانا عبالغفور حیدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں اور گاڑیوں میں کمی کے حوالے سے احسن اقدام اٹھایا ہے، سول بیورو کریسی کے حوالے سے بھی اقدامات اٹھائیں-

متعلقہ تحاریر