شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن ، دو دہشتگرد ہلاک ، دو گرفتار

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکورٹی فورسز سے مقابلے کے دوران دو سپاہیوں نے جام شہادت نوش فرمایا ہے۔

شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران دو دہشتگردوں کو ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کرلیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں دہشت گردوں اور اپنے فوجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فوجی دستوں نے مؤثر انداز سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا پتہ لگایا۔ جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب عوام کو اداروں کیخلاف اکسانے پر گرفتار

سپریم کورٹ آف پاکستان نے گذشتہ ایک سال کے دوران 24 ہزار سے زائد کیسز نمٹائے

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سیکورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران سپاہی عمران اللہ (عمر 25 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ باجوڑ) اور سپاہی افضل خان (عمر 21 سال، ڈسٹرکٹ اپر دیر کا رہائشی) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما لیا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سپن وام میں دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں آپریشن کلین اپ جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

متعلقہ تحاریر