خواتین کو اقتصادی دھارے میں شامل کیے بغیر خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا
خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر نے اپنے بیانات میں کہا ہے کہ عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اور قانون سازی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ ترقی پسند معاشرے کی تشکیل کے لیے خواتین کو اقتصادی دھارے میں شامل کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔
انہوں کہا کہ خواتیں کو ہر شعبے ہائے زندگی میں یکساں مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین زمہ داریوں میں شامل ہونا چاہیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خواتین کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی جانب سے دی گئی سیاسی تربیت اور جدو جہد ہمارے لیے زاد راہ ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ن لیگ آڈیو لیکس کے ذریعے زمان پارک کو چکلا ثابت کرنے کی کوششوں میں مصروف
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ خواتین کو اقتصادی شعبوں میں آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پاکستان اور مسلم دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم تھیں جنہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک اور ان کو جبر و تشد کا نشانہ بنانے کے معاملات پر عالمی برادری کو خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے اور قانون سازی کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسلام خواتین کو مساوی حقوق اور احترام دیتا ہے اور صنفی امتیاز کی سختی سے ممانعت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے بارے میں منفی سوچ اور رویوں کو بدلنے اور باہمی شراکت داری کے ذریعے خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی شعبوں میں خواتین کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کے ذریعے انہیں معاشی طور پر بااختیار بنایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ پاکستان کی آدھے سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور انہیں اقتصادی دھارے میں شامل کیے بغیر ملکی ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین خواتین کو جانی ومالی تحفظ ، کام ، کاروبار، تعلیم ، آزادی کے ساتھ پیشے کے انتخاب اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ضمانت دیتا ہے۔
زاہد اکرم درانی نے ملک کی تعمیروترقی میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے خواتیں کو تعلیم حاصل کرنے کے وافر مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔