سیکریٹری لاہور ہائیکورٹ بار صباحت رضوی نے جیو کے ملازمین کیلیے آواز اٹھادی

مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ جیو کے ملازمین شدید مہنگائی کے باوجود کئی سال سے انکریمنٹ سے محروم ہیں اور زندگی گزارنے کیلیے جدوجہد کررہے ہیں، سیکریٹری لاہور ہائیکورٹ بار

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی نومنتخب سیکریٹری صباحت رضوی نے جیو نیوز کے ملازمین  کے حق میں آواز اٹھادی۔

صباحت رضوی گزشتہ ماہ ہی لاہور ہائیکورٹ کی جنرل سیکریٹری منتخب ہوئی ہیں ۔وہ لاہور ہائیکورٹ بار کی تاریخ میں سیکریٹری منتخب ہونے والی پہلی خاتون وکیل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات، حامد خان گروپ نے میدان مارلیا

ملک بھر کی وکلا تنظیموں نے سپریم کورٹ سے آئین کی بالادستی کا مطالبہ کردیا

صباحت رضوی نے اپنے ٹوئٹ میں جیو نیوز اسلام آباد کے دفتر کےباہر ملازمین کی جانب سے آویزاں کیے گئے بینر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھاکہ”آج کیپیٹل ٹاک میں انٹرویو کیلیے جیو ٹی وی جانا ہوا، مجھے یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ جیو کے ملازمین شدید مہنگائی کے باوجود کئی سال سے انکریمنٹ سے محروم ہیں اور زندگی گزارنے کیلیے جدوجہد کررہے ہیں“۔

صباحت رضوی نے اپنےٹوئٹس میں بنیادی حقوق کا تحفظ کرو،بوجھ بانٹ کر جیو اور جیو اور جینے دو کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

واضح رہے کہ جیو اور جنگ گروپ کے ملازمین کئی سال سے انکریمنٹ سے محروم ہیں اور تنخواہوں کی تاخیری ادائیگی کےمسئلے سے بھی دوچار ہیں۔ جیو کے ملازمین نےتنخواہیں نہ بڑھانے پر گزشتہ دنوں دو مرتبہ براہ راست نشریات کے دوران جیو نیوز کے نیوز روم میں احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔

متعلقہ تحاریر