عمران خان کے مختلف کیسز کی سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی گئی

اسلام آباد ہائی کورٹ ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اور انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 13 مارچ کو طلب کرلیا۔

عمران خان کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست اور ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی درخواست ، خاتون جج زیبا چوہدری کو دھمکیاں دینے کا کیس ، اور کاغذات نامزدگی میں مبینہ بیٹی کا نام ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کی نااہلی کیس میں سماعتیں 13 مارچ تک ملتوی کردی گئیں۔

عمران خان کے کاغذات نامزدگی کیس

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ چیف جسٹس عامر فاروق ، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل لارجر بینچ نے مبینہ بیٹی کو چھپانے کے الزام میں سابق وزیراعظم عمران خان نااہلی کیس کے خلاف درخواست میں ترمیم کیلئے متفرق درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے عمران خان کو نوٹس جاری کر کے 13 مارچ کو جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے درخواست گزار کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست پر اعتراضات دور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو متفرق درخواست پر نمبر لگانے کی ہدایت کی۔

یہ بھی پڑھیے

لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان پر پیمرا کی پابندی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا

پی ٹی آئی کارکن کی ہلاکت: عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے خلاف دہشتگردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج

درخواست گزار محمد ساجد مبینہ بیٹی کو چھپانے کے الزام پر سابق وزیراعظم عمران خان نااہلی  کیس میں درخواست گزار عمران خان کیخلاف 12 نئی دستاویزات لے آئے۔

نئی دستاویزات ریکارڈ پر رکھنے کی 138 صفحات کی تفصیلی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ہے درخواست میں کیلیفورنیا کی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی گئی۔

عمران خان کیخلاف شیرافگن نیازی اور فاروق ستار کیسز کا مکمل ریکارڈ شامل کیا گیا۔ درخواست میں عمران خان کے الیکشن کمیشن میں دیئے بیان حلفی کی کاپیاں بھی شامل کی گئی ہیں۔

درخواست میں ضمنی الیکشن میں 7 نشستوں پر کامیابی کا گزٹ نوٹیفکیشن بھی ریکارڈ پر رکھنے کی استدعا کی گئی ہے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے کیخلاف درخواست گزار نے اپنے درخواست میں ترمیم کیلئے نئی درخواست دائر کردی۔

درخواست گزار کے مطابق عمران خان نے ضمنی انتخابات میں سات نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی الیکشن کمیشن نے این اے 45 کُرم سے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا عمران خان نے اپنے نئے کاغذات نامزدگی میں بھی ٹیریان کو بطور بیٹی ظاہر نہیں کیا۔

حالیہ پیش رفت کے باعث درخواست میں ترمیم ضروری ہے ، درخواست میں ترمیم کے باوجود کیس کی نوعیت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی عدالت نے درخواست پر سماعت بھی 13 مارچ تک ملتوی کر دی۔

جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کا کیس

دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں خاتون جج زیبا چودھری کو دھمکی دینے کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنی کی استدعا کر دی گئی۔ عدالت نے درخواست منظور کر کے سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی ہے۔

عمران خان کی ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیشی کی استدعا

عمران خان کے وکیل نعیم پنجوتھہ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا مجاہد رحیم کی کے سامنے پیش ہوئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان کی صحت اجازت نہیں دیتی کہ اسلام آباد تک سفر کر سکیں، ان کی جان کو خطرہ سنجیدہ نوعیت کا ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر آج حاضری سے استثنی دیا جائے۔

وکیل نعیم پنجوتھہ نے عدالت میں اپنی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جان کو پہلے بھی خطرہ تھا، آج بھی ہے، عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکیاں آتی ہیں، کسی لیڈر کا قتل ہو جائے تو کمیٹیاں بنتی رہتی ہیں، انصاف نہیں ملتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ایسا نہیں کہ عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہونا چاہتے، وہ ہر عدالت میں پیش ہوئے ہیں، مختلف عدالتوں میں عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے حاضر ہونے کی درخواستیں دی ہیں، موجودہ حکومت انہیں قتل کرنا چاہتی ہے۔

سرکاری وکیل نے اس موقع پر کہا کہ دفعہ 144 لاہور میں نافذ ہے، عمران خان کی عدالت میں پیشی پر نہیں۔ وکیل نعیم پنجوتھہ نے کہا کہ پرامن ریلی پر پنجاب حکومت نے شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیاں برسائیں، عمران خان کی جہاں رہائش تھی وہاں نقل حرکت کرنا مشکل ہے۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ہے انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج رانا مجاہد رحیم نے احکامات جاری کیے عدالت نے کیس کی مزید سماعت 13 مارچ تک ملتوی کر دی ہے.

متعلقہ تحاریر