رانا جواد، سلیم بخاری اور عامر الیاس رانا بھی توشہ خانہ سے مستفید ہوئے
ڈائریکٹر جیو نیوز رانا جواد نے کم و بیش 6 لاکھ کے تحائف صرف 20 ہزار روپے میں حاصل کیے ، سلیم بخاری نے 98 ہزار کے تحائف صرف 11 ہزار 700 روپے میں حاصل کیے جبکہ عامر الیاس نے ایک لاکھ 3500 روپے کے تحائف صرف 12 ہزار 525 روپے ادا کرکے حاصل کیے۔
وفاقی حکومت نے لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے تناظر میں توشہ خانہ سے تحائف حاصل والی شخصیات کی تفصیلات کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپلوڈ کردی ہیں ، تحائف حاصل کرنے والوں میں جہاں حکومتی عہدیداران شامل ہیں وہیں تین صحافیوں کے نام بھی سامنے آئے ہیں جنہوں نے خود کو توشہ خانہ تحائف سے مستفید کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر اپلوڈ ہونے والی تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی اور اینکر پرسن سلیم بخاری ، ڈائریکٹر نیوز جیو ٹی وی رانا جواد اور ایکسپریس اسلام آباد کے بیوروچیف عامر الیاس رانا بھی توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
نواز شریف کی تقاریر پر پابندی کے خلاف درخواست، فریقین کو نوٹسز جاری
ڈی سی لاہور نے تحریک انصاف کو ریلی نکالنے کی اجازت دے دی
تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی سلیم بخاری نے 31 جنوری 2003 میں دو کلائی کی گھڑیاں حاصل کیں ، ریسٹ واچ چوپرڈ جس کی اصل مالیت 80 ہزار روپے تھی ، تاہم 10 ہزار 500 روپے ادا کرکے گھڑی حاصل کی۔ دوسری گھڑی راڈو تھی جس کی اصل قیمت 18 ہزار روپے تھی تاہم صرف 1200 روپے ادا کرکے گھڑی حاصل کرلی گئی۔
ایکسپریس اسلام آباد کے بیوروچیف عامر الیاس رانا نے 31 جنوری 2003 کو توشہ خانہ سے دو کلائی کی گھڑیاں حاصل کیں۔ ریسٹ واچ چوپرڈ جس کی اصل قیمت 85 ہزار روپے تھی وہ عامر الیاس نے صرف 11 ہزار 250 ادا کرکے حاصل کرلی۔ دوسری گھڑی جو توشہ خانہ سے حاصل کی گئی وہ راڈو تھی جس کی اصل قیمت 18 ہزار 500 روپے تھی مگر صرف 1275 روپے ادا کرکے حاصل کرلی گئی۔
اسی طرح سے ڈائریکٹر جیو نیوز رانا جواد نے توشہ خانہ کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ رانا جواد نے توشہ خانہ سے دو تحائف حاصل کیے ، ایک تسبیح اور ایک گھڑی حاصل کی۔ تسبیح کا قیمت کا اندازاً تخمینہ 4 لاکھ 50 ہزار سے 6 لاکھ کے درمیان تھا جبکہ گھڑی کا تخمینہ 1 لاکھ 10 ہزار روپے لگایا گیا تھا۔ رانا جواد نے دونوں تحائف 21 دسمبر 2021 کو صرف 20 ہزار روپے ادا کرکے حاصل کیے۔
واضح رہے کہ وزارت کابینہ ڈویژن نے سال 2002 سے 2023 تک توشہ خانہ سے تحفے لینے والوں کی فہرست جاری کی تھی۔ وفاقی حکومت نے توشہ خانہ کا ریکارڈ سرکاری ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا تھا۔
توشہ خانہ کا 2002 سے 2023 کا 466 صفحات پر مشتمل ریکارڈ اپلوڈ کردیا گیا ہے۔ توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والوں میں سابق صدور، سابق وزرائے اعظم، وفاقی وزرا اور سرکاری افسران کے نام شامل ہیں۔