ریاست بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دی، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے حکومت کے خاتمے کے خوف سے آئی ایم ایف کے معاہدے کی دھجیاں اڑائیں۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے نوٹس عدالتوں سے جاری ہوئے اور اس سلسلے میں وہ کچھ نہیں کررہے۔

سی پی این ای کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط کا سامنا ہے، پاکستان کو معاشی، خارجی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم دیوالیہ پن کا جو خوف تھا وہ ختم ہوگیا۔ ان کا کہنا تھا ہم نے ریاست بچانے کے لیے اپنی سیاست کی قربانی دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عمران خان نے حکومت کے خاتمے کے خوف سے آئی ایم ایف کے معاہدے کی دھجیاں اڑائیں، آئی ایم ایف نے ہماری حکومت کو کہا کہ معاہدے کو من و عن ماننا ہوگا، آئی ایم ایف سے اسٹاف لیول کا معاہدہ جلد ہو جائےگا۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن کے تین اجلاس؛ پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کیلئے اہم امور پر گفتگو

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا آئی ایم ایف پروگرام کیلئے پاکستان کی مدد کے عزم کا اعادہ

انہوں نے مزید کہا کہ تاثر تھا شہباز شریف حکومت نہیں چلا سکے گا لیکن ہم آگے بڑھ رہے ہیں، الیکشن وقت پر ہوں گے تو آئین، قانون اور ریاست جاندار ہوگی، ملک آگے چلے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنا گھر ریگولرائز کرالیا، غریبوں کے گھر کو گرا دیا، حکومت نے توشہ خانہ سے متعلق نئے قوانین بنائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مردم شماری کا آغاز ہوچکا، فنڈز مہیا کردیے گئے، صوبائی حکومتوں نے مردم شماری میں حصہ ڈالنا ہے، صوبائی حکومت کے مردم شماری سے متعلق تحفظات ہیں، انہوں نےکہا تحفظات دور کریں گے تو آگے چلیں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے ایشوز سے متعلق گورنر نے لکھ کردیا ہے، 2 صوبوں میں الیکشن ہورہے ہیں، 2 میں نہیں، اس کے نتائج وقت بتائے گا، کوئی پارٹی الیکشن سے بھاگ نہیں سکتی۔

عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایک شخص خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، عمران خان اس وقت بیماری، بزرگی اور لاچاری کا واویلا کر رہے ہیں، عدالتوں پر دھاوے اور ججز پر فقرے کسے جارہے ہیں، نواز شریف روز عدالت جاتے تھے، ان پر جعلی کیسز  بنائے گئے تھے، کبھی کسی نے کہا کہ میں نہیں پیش ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میں تو کچھ نہیں کررہا،گرفتاری کے نوٹس عدالتوں سے جاری ہورہے ہیں، ایک شخص جو خود کرتا تھا اس کا الزام ہمیں دے رہا ہے، آج عمران خان کہتا ہےکہ میں ایماندار ہوں تو سب سے بڑا جھوٹ ہے، عمران خان نے حکومت  کے خاتمے کے خوف سے آئی ایم ایف کے معاہدے کی دھجیاں اڑائیں۔

متعلقہ تحاریر