چیئرمین نیب  کے وارے نیارے، حکومت نے نوازشات کی بارش کردی

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو سپریم کورٹ کے جج کے مساوی 17 لاکھ روپے تنخواہ، رہائشگاہ، 2 گاڑیاں، 2 ہزار یونٹ بجلی اور 600 لیٹر پٹرول ملے گا، وفاقی کابینہ سرکولیشن سمری کی منظوری دیدی

وفاقی کابینہ نے خزانے کے منہ کھولتے ہوئے نئے چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد پر پرتعیش تنخواہ اور مراعات کی بارش کردی۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو 17 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کے ساتھ سرکاری رہائش گاہ اور 2 گاڑیاں دینے کی منظوری دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

چیئرمین نیب آفتاب سلطان حکومتی دباؤ پر گرفتاریوں سے انکار کرکے مستعفی ہوگئے

سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا استعفیٰ: اندرونی  وجوہات کیا تھیں؟

وفاقی کابینہ نے نیب کے سربراہ کی تنخواہ اور مراعات سے متعلق وزارت قانون کی سفارش کی منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔ ذرائع کے مطابق سربراہ نیب کی تنخواہ اور مراعات سپریم کورٹ کے جج کے مساوی ہوں گی۔

سمری کے مطابق سربراہ قومی احتساب بیورو لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کو 17 لاکھ روپے ماہانہ تنخواہ کیساتھ سرکاری رہائش گاہ اور 2 گاڑیاں بھی ملیں گی۔ نیب کے سربراہ کو تنخواہ کے ساتھ ماہانہ 2 ہزار یونٹس بجلی اور 600 لیٹر پیٹرول بھی ملے گا۔

نیب کے سابق چیئرمین آفتاب سلطان کے استعفے کے بعد حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی اس عہدے پر تقرری کی تھی، انہوں نے 6 مارچ کو ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔

متعلقہ تحاریر