خراب موسم: ایوان صدر میں ہونے والی مشترکہ فوجی پریڈ منسوخ

یاد رہے کہ ہر سال 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر مشترکہ فوجی پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے تاہم اس سال کفایت شعاری مہم کے تحت محدود پیمانے پر فوجی پریڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے ایوان صدر میں ہونے والی فوجی پریڈ خراب موسم کی وجہ سے فی الوقت منسوخ کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر سے جاری ہونے اعلامیے کہا گیا ہے کہ ایوان صدر میں ہونے والی مشترکہ فوجی پریڈ خراب موسم کی وجہ سے منسوخ کردی گئی جس کے تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مشترکہ فوجی پریڈ اب 25 مارچ کو ایوان صدر میں ہوگی۔

حکومت کی کفایت شعاری مہم کا حصہ بنتے ہوئے افواج پاکستان نے اس سال یہ پریڈ محدود پیمانے پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، حکومت کی کفایت شعاری مہم میں شامل ہونے مقصد ملک معاشی بحران سے بچانا ہے۔

یہ بھی پڑھیے 

پاکستان بار کونسل کی حسان نیازی اور دیگر وکلاء کے خلاف فوجداری مقدمات کی مذمت

پاکستان کا قیام یقیناً 20ویں صدی کا ایک عظیم معجزہ ہے، 23 مارچ پر وزیراعظم کا پیغام

یاد رہے کہ یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو قرارداد لاہور کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے، جب آل انڈیا مسلم لیگ نے برطانوی ہندوستانی سلطنت کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ ملک کا مطالبہ کیا تھا۔

قوم جمعرات کو یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق ایک "حقیقی اسلامی فلاحی ریاست” بنائیں گے اور اس کی ترقی، خوشحالی اور مضبوط دفاع کو یقینی بنایا جائے گا۔

آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور ملک کے صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی اور پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ ایئر وائس مارشل سید عمران ماجد علی، ایئر آفیسر کمانڈنگ، پی اے ایف ایئر مین اکیڈمی، کورنگی کریک مہمان خصوصی تھے۔

متعلقہ تحاریر