منصور عثمان اعوان نے نئے اٹارنی جنرل کا عہدہ سنبھال لیا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پیر کے روز نئے اٹارنی جنرل منصور عثمان کی تقرری کی منظوری دی تھی۔

نئے اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے پیر کے روز بیرسٹر شہزاد عطا الہی کا استعفیٰ قبول کرنے کے بعد منصور عثمان اعوان کو نیا اٹارنی جنرل آف پاکستان (اے جی پی) تعینات کیا ہے۔ شہزاد عطا الہیٰ نے دو ماہ سے بھی کم عرصے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 100 کے تحت منصور عثمان اعوان کی تقرری کی منظوری دی، ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اُن کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس: پی ٹی آئی سینیٹرز کی شرکت ، ڈیزل اور گھڑی چور کے نعرے
شہزاد عطا الہیٰ کو اٹارنی جنرل کے عہدے کے لیے تقریباً دو ماہ پہلے منتخب کیا تھا ، جب منصور عثمان اعوان نے گزشتہ سال اٹارنی جنرل بننے سے انکار کر دیا تھا ، کیونکہ صدر مملکت کی جانب سے ان کی تقرری کی منظوری کے باوجود انہیں باضابطہ طور پر مطلع نہیں کیا گیا تھا۔
سابق اٹارنی جنرل آف پاکستان (اے جی پی) اشتر اوصاف کے گزشتہ سال اکتوبر میں مستعفی ہونے کے بعد وفاقی حکومت کو اس اہم آئینی عہدے کو پر نہ کرنے پر عدلیہ کی طرف سے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔
منصور عثمان اعوان نے ہارورڈ لاء اسکول ، USA سے ماسٹر آف لاز (LLM) کی ڈگری حاصل کررکھی ہے ، اور پنجاب یونیورسٹی سے بیچلر آف لاز (LLB) کی ڈگری حاصل کی تھی ، منصور عثمان نے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔
انہیں فقہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر جسٹس ایم جان میموریل گولڈ میڈل اور فوجداری قانون میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر چارلس ارل بیون پیٹ مین لاء پرائز سے نوازا گیا تھا۔
منصور عثمان اعوان نے ہارورڈ لاء اسکول سے ڈین ایوارڈ برائے لیڈرشپ (2005) حاصل کیا تھا۔ وہ ہارورڈ لا اسکول کونسل کے ایل ایل ایم کے نمائندے کے طور پر منتخب ہوئے تھے اور انہوں نے ہارورڈ گریجویٹ کونسل کے نائب صدر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں تھیں۔