پاکستان بار کونسل کا پاک فوج کو 45ہزار 267 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ منسوخ کرنیکا مطالبہ

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین کا جی ایچ کیو لینڈ ڈائریکٹوریٹ کے نوٹیفکیشن پر شدید اظہار برہمی، غیرقانونی اعلامیہ واپس نہ لینے پر مجاز عدالت سے رجوع کرنے کا انتباہ

پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین حسن رضا پاشا نے پاک فوج کو پنجاب کے مختلف اضلاع میں 45 ہزار 267 ایکڑ اراضی کی الاٹمنٹ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بار کونسل نے زمینوں کی الاٹمنٹ کا اعلامیہ منسوخ نہ کیے جانے کی صورت میں معاملے کو مجاز عدالت میں چیلنج کرنے کا انتباہ دیدیا۔

یہ بھی پڑھیے

جسٹس منصورعلی اور جسٹس جمال خان نے 27 فروری کے اپنے ہی فیصلے کیخلاف اختلافی نوٹ لکھ دیا

5 لاکھ کے ضمانتی مچلکے کے عوض رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ

 

سیکریٹری کے دستخط سے جاری کردہ اعلامیے میں کہاگیا ہے کہ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی  حسن رضا پاشا نے جنرل ہیڈ کوارٹرز لینڈ ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے مورخہ10مارچ 2023 کوجاری کردہ مبینہ نوٹیفکیشن پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے جس کے تحت صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں واقع 45 ہزار267 ایکڑ زرعی اراضی پاک فوج کے حوالے کر دی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی وسائل سے فوج کو عطیہ کرنے کا یہ غیر قانونی عمل نہ تو جائز ہے اور نہ ہی پاکستانی عوام کے لیے قابل قبول ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مذکورہ نوٹیفکیشن کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔

انہوں نے متنبہ کیا ہے کہ غیر قانونی نوٹیفکیشن واپس لینے میں ناکامی کی صورت میں بار کونسل اسلامی جمہوریہ پاکستان   کے  آئین اور قانون کے مطابق مجاز عدالت میں مناسب درخواست دائر کرے گی۔

متعلقہ تحاریر