ترجمان سپریم کورٹ نے ججز میں جھگڑے اور ہاتھاپائی کی خبر کو جھوٹ قرار دیدیا
13 اپریل کی شام ججز کالونی پارک میں واک کے دوران ججز کی لڑائی کی خبر جھوٹ ہے،ججز کے درمیان لڑائی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا، ترجمان

سپریم کورٹ آف پاکستان کے ترجمان نے معزز عدلیہ کے ججز کے درمیان جھگڑے اور ہاتھاپائی کی خبروں کو سراسر جھوٹ قرار دے دیا۔
جمعرات کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ججز میں تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کی خبریں سامنے آئی تھی۔سینئر صحافی نسیم زہرہ نے بھی اپنے وی لاگ میں ججز کالونی کے پارک میں ججز میں شدید تلخ کلامی کی خبر دی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
ہم سب کو سپریم کورٹ کے لیے نکلنا ہوگا اور میں قیادت کروں گا، عمران خان
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر نظرثانی اور نیب ترمیم کا بل منظور کرلیا
ترجمان سپریم کورٹ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز کے درمیان مبینہ جھگڑے اور ہاتھا پائی کی خبریں سراسر جھوٹ ہیں۔
ایک بیان میں ترجمان سپریم کورٹ نے کہا کہ 13 اپریل کی شام ججز کالونی پارک میں واک کے دوران ججز کی لڑائی کی خبر جھوٹ ہے، ججز کی لڑائی کی خبر کو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اٹھایا گیا۔

ترجمان کے مطابق سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کی سخت ترین الفاظ میں تردید کی جاتی ہے، ججز کے درمیان لڑائی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
ترجمان سپریم کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججز کے بارے میں جعلی رپورٹنگ قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی رپورٹنگ سے عدالت اور معزز ججز کا وقار متاثر کرنے کی کچھ عناصر نے جان بوجھ کر کوشش کی۔









