”ہماراپاکستان“ڈاکٹرائن کا پہلا تجربہ، چوہدری انوار الحق بلامقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب

قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس نصف شب کو طلب کیاگیا، چوہدری انوار الحق کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں آیا،سابق اسپیکر 52 کے ایوان سے 48 ووٹ لیکر سب سے بڑے مینڈیٹ کے حامل وزیراعظم بن گئے، سردار حسن ابراہیم اور سردار عتیق کے علاوہ 2 پی ٹی آئی ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا

ملک میں نافذ ہونے والے ”ہماراپاکستان“ڈاکٹرائن کا پہلا نمونہ سامنے آگیا،آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سابق اسپیکر  چوہدری انوار الحق بلامقابلہ وزیراعظم آزاد کشمیر منتخب ہوگئے۔

نصف شب کو ہونے والے ہنگامی اجلاس میں بلامقابلہ وزیراعظم  منتخب ہونے والے  چوہدری انوار الحق نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ بدل ڈالی۔

چوہدری انوار الحق کے مقابلے میں کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا جس کے بعد رولز کے مطابق ہونے والی ووٹنگ میں انہوں نے 52کے ایوان سے 48ووٹ حاصل کرلیے ۔ یوں وہ آزاد کشمیر قانون سازاسمبلی میں سب سے بڑے مینڈیٹ کے ساتھ وزیراعظم منتخب ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیے

سردار تنویر الیاس آزاد جموں و کشمیر کے بلامقابلہ وزیر اعظم منتخب

توہین عدالت کیس: مظفرآباد ہائیکورٹ نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو نااہل کردیا

آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے رات 12 بجکر 40 منٹ سے 12 بجکر 55 منٹ تک کا وقت دیا گیا۔

سیکریٹری اسمبلی آزاد کشمیر کے مطابق حکومت کی جانب سے کسی کے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے گئے جس کے بعد  اسپیکر انورالحق کو  بلامقابلہ وزیراعظم منتخب کیا گیا لیکن بلا مقابلہ انتخاب کے بعد بھی ووٹنگ کا عمل کرایا گیا۔

قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس کچھ دیر کے لیے ملتوی کیا گیا جس کے بعد ووٹنگ کے عمل کے لیے  اجلاس ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض کی صدارت میں شروع ہوا۔

ووٹنگ میں  52 کے ایوان میں چوہدری انوارالحق کی حمایت میں 48 ووٹ پڑے، پی ٹی آئی کے دو ارکان نے وزیراعظم آزادکشمیر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا جبکہ جموں کشمیر پیپلزپارٹی کے سردار حسن ابراہیم اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق بھی ووٹنگ کے عمل میں شریک نہیں ہوئے۔

چوہدری انوارالحق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے ہے، وہ 2006 میں پہلی بار ممبر اسمبلی منتخب ہوئے، انوارالحق دو بار اسپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر ہائیکورٹ نے وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت میں سزا سنائی تھی۔عدالت نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔

متعلقہ تحاریر