کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی: وزارت ریلوے نے انکوائری کا حکم دے دیا

رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب کراچی ایکسپریس میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔

کراچی ایکسپریس میں آگ لگنے کے واقعہ پر وزارت ریلوے کا نوٹس، تحقیقات کا حکم دے دیا۔ ٹرین سے متاثرہ بوگی کو علیحدہ کرنے کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے بارہ بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی اے سی بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔

ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر پچاس منٹ تک موقع پر پہنچی۔ تقریباً چالیس منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے 

خیرپور: کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی، 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

عدالت عظمیٰ پارلیمان کی عزت و توقیر کا خیال رکھے، اسپیکر قومی اسمبلی کا چیف جسٹس کے نام خط

جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو چکی ہے جن میں تین بچے بھی شامل ہیں جبکہ چار مسافر کوچ سے لاپتہ بھی ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ستر سالہ رابعہ بی بی متاثرہ کوچ سے چھلانگ لگانے پر شدید زخمی ہوئیں اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں، جبکہ جاں بحق ہونے والے دوسرے مسافر کی تا حال شناخت نہیں ہو سکی۔

ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔

کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد پونے سات بجے لاہور کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے۔

وزارت ریلوے نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوعہ کیلیے روانہ ہو چکی ہے۔ تحقیقات کے مکمل ہوتے ہی میڈیا کو بھی آگاہ کیا جائے گا۔

متعلقہ تحاریر