جیو نیوز کے ستارے گردش میں؛ انتظامیہ نے مینیجنگ ڈائریکٹر اظہر عباس کا استعفیٰ منظور کرلیا
جیو نیوز کی انتظامیہ نے ایم ڈی اظہر عباس کا استعفیٰ منظور کرلیا، انہوں نے 19 اپریل کو تنخواہوں میں عدم اضافے اور بروقت ادائیگی نہ ہونے پر عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، انتظامیہ نے حقوق کے لیے احتجاج کرنے والوں کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر رکھا ہے

جیو نیوز کی انتظامیہ نے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) اظہر عباس کا استعفیٰ منظور کرلیا۔ ایم ڈی جیو نیوز اظہر عباس گزشتہ ماہ 19 اپریل کو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے تاہم ان کا استعفیٰ قبول نہیں کیا گیا تھا ۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مینیجنگ ڈائریکٹر(ایم ڈی) اظہر عباس کا استعفیٰ منظور کرلیاگیا۔ انہوں نے گزشتہ ماہ اپریل میں تنخواہوں کے معاملے پر احتجاجاً استعفیٰ دیا تھا تاہم انتظامیہ نے اسے ہولڈ کروادیا گیا ۔
یہ بھی پڑھیے
جیو نیوز نے صحافیوں کے حقوق کیلئے آواز اٹھانے والے فہیم صدیقی کو نوکری سے فارغ کردیا
ذرائع کے مطابق ایم ڈی جیو نیوز اظہر صدیقی نے تنخواہوں کی بروقت عدم ادائیگی پراستعفیٰ دیا تھا۔ اظہر عباس نے اپنے استعفے میں لکھا تھا کہ ایسے ادارے کا حصہ نہیں بن سکتا جہاں ملازمین کا استحصال ہو۔
ذرائع کے مطابق جیو نیوز کے مستعفی مینیجنگ ڈائریکٹر نے اپنے استعفے میں ادارے کے مالکان کی توجہ گزشتہ سات سالوں سے تنخواہوں میں عدم اضافے اور بروقت ادائیگی کے معاملات کی طرف کروائی تھی ۔
جیو نیوز کے ایم ڈی اظہر عباس نے اپنے استعفے میں واضح کیا کہ انتظامیہ نے یقین دہانی کروائی کی عید الفطر سے قبل تمام بقایاجات ادا کردیئے جائیں گے مگر تاحال ملازمین کو کسی قسم کی کوئی ادائیگی کی نہیں گئی ۔
ملک کے سب سے بڑے میڈیا ہاؤس جیو اور جنگ گروپ میں گزشتہ چند ماہ سے تنخواہوں کی بروقت ادائیگی اوراضافے کے لیے احتجاج جاری ہے، اس دوران صحافیوں اور میڈیا ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی۔
صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے احتجاج کے بعد جیو نیوز انتظامیہ نے صحافیوں کے خلاف لیبر کورٹ میں مقدمات بھی درج کروائے جبکہ کراچی ، اسلام آباد اور لاہور سے بہت ملازمین کو نوکریوں سے فارغ بھی کیا ۔
جیو نیوز اورجنگ گروپ نے تنخواہوں میں اضافے اور بروقت ادائیگی پر احتجاج کرنے والے کاشف مشتاق، سلیمان سعادت اور ذیشان شاہ سمیت کئی صحافیوں پر لیبر کورٹ میں مقدمہ درج کروادیا ہے ۔
دو روز قبل جیو نیوز نے کراچی کے بیورو چیف فہیم صدیقی کو نوکری سے فارغ کردیا تھا جس کی شدید مذمت کی جارہی ہے ۔ فہیم صدیقی جنگ اور جیو کے ملازمین ،صحافیوں کے حقوق کے لیے مسلسل سرگرم تھے ۔
یہ بھی پڑھیے
کراچی یونین آف جرنلسٹس دستوری کے صدرخلیل ناصر نے جیو ایکشن کمیٹی کے سربراہ فہیم صدیقی کی برطرفی کی شدید مذمت کرتے ہوئے جیو نیوز انتظامیہ سے انہیں فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
واضح رہے کہ جنگ اور جیو نیوز کے ملازمین کی جانب سے گزشتہ چند ماہ سے تنخواہوں میں اضافے اور بروقت ادائیگی کے معاملے پر احتجاج کیا جا رہا تھا۔ دوران احتجاج ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال بھی کی تھی ۔