ایف آئی اے نے چوہدری مونس الہیٰ کو طلب کرلیا، رہنما پی ٹی آئی نے گرفتاری کا خدشہ ظاہر کردیا

فیڈرل انویسیٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ حاضر نہ ہونے پر یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے پی ٹی آئی رہنما چوہدری مونس الٰہی کو 22 مئی کو لاہور آفس میں ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے، جبکہ مونس الٰہی کا کہنا ہے کہ مجھے میڈیا سے پتا چلا ہے کہ مجھے ایف آئی اے نے طلب کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسیٹی گیشن ایجنسی نے اپنے طلبی والے نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ ایجنسی کے سامنے پیش نہ ہونے پر یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے

علی گل پیر نے فواد چوہدری کی پولیس کو دیکھ کر لگائی گئی دوڑ پر میم بنادی

چوہدری مونس الٰہی کو فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ پر لاہور میں ایف آئی اے کے ٹیمپل روڈ آفس میں ذاتی طور پر طلب کیا گیا ہے۔

فنانشل مانیٹرنگ یونٹ کی رپورٹ کے مطابق مونس الٰہی کے بینک کھاتوں کی رقم میں سن 2021 اور 2022 کے درمیان اربوں تک بڑھ گئی۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ آٹھ اکاؤنٹس سے اربوں روپے منتقل ہوئے۔ انتباہ دیا کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں یک طرفہ کارروائی کی جائے گی۔

اس سے قبل لاہور کی ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ایف آئی اے کو مونس الٰہی کی اہلیہ سمیت 8 ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات مکمل کرنے کا حکم دیا تھا۔

عدالت نے مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی سمیت 8 ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانت میں 30 مئی تک توسیع کی تھی۔

دوسری جانب چوہدری مونس الٰہی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میڈیا سے پتا ہے کہ ایف آئی اے نے میری طلبی کا نوٹس نکالا ہے۔ ایف آئی اے 8 ٹرانسزیکشنز کے ذریعے سوا پانچ کروڑ روپے کی تحقیقات کرنا چاہتا ہے۔

مونس الٰہی کا کہا ہے کہ یہ 8 ٹرانزیکشنز میرے ذاتی اکاؤنٹس سے ہوئی ہیں۔ یہ پیسے کسی اور کے اکاؤنٹس سے میرے اکاؤنٹس سے آئے ہیں۔یہ رقم متعلقہ سال کے ٹیکس ریٹرن میں ڈکلیئرڈ ہے۔ ایف آئی اے کو توفیق ہوتی تو گوشوارے دیکھ لیتے تو نوٹس نہ نکالتے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ایف آئی اے مجھے اکاؤنٹس کیس میں طلب کرکے کسی اور مقدمے میں گرفتار کرنا چاہتی ہے۔

متعلقہ تحاریر