شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں کلین چٹ مل گئی
نیب نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شہباز شریف نے ٹھیکوں کے دوران کوئی کک بیکس نہیں لیں اور نہ ہی ملکی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیراعظم شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کیس میں کلین چٹ دے دی۔
نیب کی رپورٹ کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ کے ٹھیکے دینے میں شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیے
حامد میر نے پاک ایران تعلقات کو آئی ایم ایف پروگرام میں رکاوٹ قرار دے دیا
وفاقی کابینہ کا 9 مئی کے شرپسندوں کے خلاف ’زیرو ٹالرنس پالیسی‘ اپنانے کا عزم
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ آشیانہ پراجیکٹ میں قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا اور وزیراعظم شہباز شریف کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
نیب کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کے خلاف اختیارات کے ناجائز اور غیرقانونی استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
قومی احتساب بیورو نے اپنی رپورٹ میں مزید لکھا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں بھی شہباز شریف کے خلاف بدنیتی کا کوئی عنصر ثابت نہیں ہوا۔
نیب کی رپورٹ میں اس بات کا بھی اعتراف کیا گیا ہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کامران کیانی نے قومی خزانے کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا اور نہ ہی فواد حسن فواد نے کوئی رشوت لی۔
لاہور کی احتساب عدالت میں شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر احتساب بیورو نے اپنا جواب جمع کرا دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ احتساب عدالت بریت کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔









