ایسا ظلم 70 سال میں نہیں دیکھا جیسے آج ہور ہا ہے، مولانا طارق جمیل
عوام بھی ظالم، خواص بھی ظالم،حکمران بھی ظالم،ادارے بھی ظالم، یہ ایسے کررہے ہیں جیسے اوپر کوئی خدا نہیں ہے لیکن پکڑنےوالا بڑا طاقتور ہے، معروف عالم دین کا وڈیو پیغام
ملک کے معروف مبلغ اور عالم دین مولانا طارق جمیل نےمبینہ طور پر 9 مئی کے واقعات کے بعد تحریک انصاف کے خلاف جاری ریاستی کریک ڈاؤن کے حوالےسے اہم بیان جاری کردیا۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا ہے کہ ایسا ظلم 70 سال میں نہیں دیکھا جیسا آج ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
9 مئی کے واقعات: پنجاب حکومت بغیر تحقیق کے پرچے کاٹنے لگی
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کا شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم
تحریک انصاف کے کارکن ارسلان بلوچ نے اپنے ٹوئٹرہینڈل پر مولانا طارق جمیل کا ایک وڈیو بیان جاری کیا ہے جس میں مولانا کو یہ کہتے سنا جاسکتا ہےکہ”میری 70 سال عمر ہورہی ہے، ایسا ظلم تو میں نے آج تک نہیں دیکھاجوآج کل ہورہا ہے اورجس طرح ہورہا ہے“۔
مولانا طارق جمیل نے مزید کہاکہ”یہ ایسے کررہے ہیں جیسے اوپر کوئی خدا نہیں ہے،بس جیسے ہم کریں گے ہمیں کوئی پکڑنے والا نہیں ہے،پکڑنےوالا بڑا طاقتور ہے“۔
مولانا نے قرآن کی آیت بیان کرتے ہوئےکہاکہ”اور پھر اسی طرح تیرے رب کی پکڑ آتی ہے، جب وہ پکڑتا ہے ان شہر والو ں کو جو ظالم ہوتےہیں،عوام بھی ظالم، خواص بھی ظالم،حکمران بھی ظالم،ادارے بھی ظالم“۔
انہوں نے مزید کہا کہ”تین عیب جس قوم میں ہوں گے وہ تباہ ہوجائے گی، ایک جھوٹ، ایک بددیانتی، ایک ناانصافی و ظلم اور 2 گناہ ایسے ہیں جن کی سزا دنیا میں شروع ہوجاتی ہے اور آخرت تک جاتی ہے،ایک ظلم اور ایک ماں باپ کی نافرمانی،ان دوگناہوں کی سزا دنیا سے شروع ہوجاتی ہے،کبھی اللہ کسی کو چھوڑ دے تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اللہ غافل ہے بلکہ اسکے آگے کے عذاب اور سخت ہوجائیں گے“۔
مولانا نےمزید کہاکہ”جس قوم میں سچائی،دیانتداری اور انصاف ہواسےکبھی زوال نہیں آسکتاچاہے اللہ کا انکار کردیں،لادین ہوجائیں، اللہ کے منکر ہوجائیں اور اللہ کو بھی برا بھلا کہیں لیکن اگران میں انصاف ہے،دیانتداری ہے اور سچائی ہے تو اللہ انہیں زوال سے دوچار نہیں کرے گا ،البتہ آگے نمٹے گا لیکن دنیا میں انہیں عزت دیگا“۔