پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ سے بڑھ گئی، چیف کمشنر مردم شماری

ڈاکٹر نعیم اظفر کا کہنا ہے کہ یہ تمام اعدادوشمار عبوری ہیں مکمل ڈیٹا کی کلیکشن کے بعد حتمی نمبرز جاری کئے جائیں گے۔

چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر نعیم اظفر نے کہا ہے کہ حالیہ مردم شماری کے نتائج کے مطابق پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ 66 ہزار 743 ہے۔

ان نتائج کا اعلان ڈاکٹر نعیم اظفر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ چیف کمشنر مردم شماری کا کہنا تھا کہ جون کے تیسرے یا چوتھے ہفتے میں نتائج سی سی آئی میں پیش کردیں گے۔

یہ بھی پڑھیے 

وزیراعظم شہباز شریف کا 9 مئی کے مجرمان کو کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ

عمران ریاض کو کچھ ہوا تو کسی کو بھی نہیں چھوڑونگا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

مزید تفصیل کے مطابق چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر نعیم اظفر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے حالیہ نتائج کے مطابق صوبہ پنجاب کی آبادی 12 کروڑ 74 لاکھ 74 ہزار 802 ہے، جبکہ صوبہ سندھ کی آبادی 5 کروڑ 79 لاکھ 31 ہزار 907 ہے۔

ڈاکٹر نعیم اظفر کے مطابق بلوچستان کی آبادی 2 کروڑ 19 لاکھ 77 ہزار 474 ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کی آبادی 3 کروڑ 98 لاکھ 23 ہزار 138 ہے۔

ڈاکٹر نعیم اظفر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی آبادی 23 لاکھ 59 ہزار 422 ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اعدادوشمار عبوری ہیں مکمل ڈیٹا کی کلیکشن کے بعد حتمی نمبرز جاری کئے جائیں گے۔

ڈاکٹر نعیم اظفر کا کہنا تھا کہ مردم شماری کے عمل میں دو لاکھ سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔ مردم شماری کے عمل پر اعتراضات سیاسی نوعیت کے ہیں۔

چیف کمشنر مردم شماری کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی نشستوں کے باعث اعتراضات اٹھائے جارہے ہیں ، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سابق فاٹا کے علاقوں میں مردم شماری کی گئی ہے۔

چیف کمشنر مردم شماری ڈاکٹر نعیم اظفر نے انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ کوہستان کے تین اضلاع کو ابھی نہیں گنا گیا ہے۔

متعلقہ تحاریر