سرینگر میں جی 20 کا اجلاس ’کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی‘ ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ تاریخ نہیں بدلی جا سکتی ، مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سری نگر میں جی 20 ممالک کے سیاحتی گروپ کا اجلاس منعقد کرنا کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے بنیادی حقِ خودارادیت سے محروم ہیں۔
مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری زون میں جی 20 ممالک کے اجلاس منعقد کرانے کا مقصد دنیا کو یہ بتانا مقصد ہے کہ یہاں حالات معمول پر آگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
پاکستان کی آبادی 24 کروڑ 95 لاکھ سے بڑھ گئی، چیف کمشنر مردم شماری
وزیراعظم شہباز شریف کا 9 مئی کے مجرمان کو کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ
بلاول نے کہا کہ تاریخ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج ان کا آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ رابطے میں رہنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ 1947 کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس دور میں کشمیری مسلمانوں کا خون المناک طریقے سے بہایا گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کے وفد نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی۔ وفد نے انہیں سری نگر میں منعقد ہونے والی جی 20 کانفرنس کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔
وفد نے کشمیر کی تحریک آزادی کے حوالے سے وزیر خارجہ کے کردار کو سراہا۔ وفد نے 1990 میں مقبوضہ جموں و کشمیر سے کوچ کرکے آزاد جموں و کشمیر میں آنے والے مہاجرین کے خلاف ہندوستانی افواج کے مظالم کے بارے میں بھی بتایا۔
ملاقات میں وفد نے مہاجرین کی آبادکاری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔