وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر تنقید
خواجہ محمد آصف نے سوشل میڈیا پر پیغام شیئر کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ چینلز پر بیٹھ کر پارٹی کو ٹارگٹ نہ کریں۔
سابق وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے وقتاً فوقتاً حکومت کی معاشی پالیسیز پر تنقید ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، سوشل میڈیا پر مفتاح اسماعیل کے لیے تنقیدی پیغام جاری کردیا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مفتاح اسماعیل پر طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی صورتحال میں مفتاح اسماعیل کی تنقید کسی بھی طور پر ملکی معاشی استحکام کےلیے مفید نہیں ہوسکتی۔
یہ بھی پڑھیے
عمران خان کی گرفتاری میں فوج یا رینجرز کا کوئی کردار نہیں تھا، خواجہ آصف
میڈیا ٹاک اس لیے نہیں کررہا کہ پارٹی چھوڑ کر جارہا ہوں، عمران خان کی حسِ مزاح قائم
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی پیغام جاری کرتے ہوئے خواجہ محمد آصف نے لکھا ہے کہ "محترم برادرم مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں انکے پاکستان کے معاشی حالات پہ تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔ وہ pmln کا حصہ ہیں جماعت انکے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے انکی قابلیت مسلمہ ہے۔”
محترم برادرم مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ھوۓ ھیں انکا پاکستان کے معاشی حالات پہ تبصرے سننے کو ملتے ھیں۔ وہ pmln کا حصہ ھیں جماعت انکے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ھے انکی قابلیت مسلمہ ھے۔ لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اسوقت انکے میڈیا پہ نکتہ چینی کا متحمل نہیں ھو…
— Khawaja M. Asif (@KhawajaMAsif) May 31, 2023
وزیر دفاع نے آگے بڑھتے ہوئے لکھا ہے کہ "لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اسوقت انکے میڈیا پہ نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انکی نکتہ چینی حکومت کیلۓ مفید بھی ہو سکتی ھے اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں۔”
رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ محمد آصف نے لکھا ہے کہ "جماعت نے انکو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا۔ انکا وزارت سے ہٹایا جانا کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔”
خواجہ محمد آصف نے مزید لکھا ہے کہ "سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں۔ وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبار ہوتی ھے۔”
آخر میں مفتاح اسماعیل سے معذرت کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لکھا ہے کہ "معذرت خواہ ہوں سوشل میڈیا کا سہارا مجبوراً لیا کیونکہ نکتہ چینی کا سلسلہ سارے میڈیا کی زینت ہے۔ جزاک اللہ۔”