نیب کو نجی کاروبار کی تحقیقات کا اختیار نہیں، فرح گوگی نے جواب جمع کرادیا
شہزادی عرف فرح گوگی اور ان کے شوہر کے وکیل کا کہنا ہے کہ موکلین نیب کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریب دوست شہزادی عرف فرح گوگی نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے پاس نجی کاروباری معاملات کی تحقیقات کا کوئی اختیار نہیں ہے۔
فرح گوگی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر، جو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کے قریبی دوست ہیں، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سپریم کورٹ:عدالتی اصلاحات قانون کے خلاف درخواستوں پر سماعت غیرمعینہ مدت کے لیے ملتوی
نذیر احمد ایڈووکیٹ گلگت بلتستان اسمبلی کےبلا مقابلہ اسپیکر منتخب ہوگئے
فرح گوگی اور احسن جمیل کی جانب سے وکیل اظہر صدیقی نے نیب کو جواب جمع کرایا، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ قومی احتساب بیورو کے پاس نجی کاروباری معاملات کی تحقیقات کا اختیار نہیں کیونکہ دونوں افراد کے اپنے کاروبار ہیں۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیقی کے مطابق، نیب کی تحقیقات اپنے مقررہ دائرہ اختیار سے باہر ہیں۔ تحقیقات کی وجہ سے پہلے ہی بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات منظرعام پر آگئی ہیں۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیقی نے مزید کہا کہ فرح خان اور ان کے شوہر نیب کے خلاف ہتک عزت کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔