اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کی (ن) لیگ میں کوئی گنجائش نہیں، شہباز شریف
مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب صدر کا کہنا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں گے تو سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔ نواز شریف کو چوتھی مرتبہ پاکستان کا وزیراعظم منتخب کرائیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار معیشت کی بہتری کے لیے دن رات محنت کررہے ہیں ، ان کی ٹانگیں کھیچنے والوں کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں۔
ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب صدر نے اسلام آباد میں ن لیگ کے جنرل کونسل اجلاس میں کیا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میری کرسی میرے قائد نواز شریف کی امانت ہے ، جب وہ آئیں گے یہ کرسی ان کے سپرد کردوں گا۔ نواز شریف پاکستان آئیں گے تو سیاست کا نقشہ بدل جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
شہباز شریف آئندہ چار سال کے لیے مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب
سابق وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان گذشتہ رات سے لاپتہ
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستان تیزی سے ترقی کررہا تھا ، نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کیے تھے ، نواز شریف جب واپس آئیں گے تو ملک پھر ترقی کرے گا۔ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ نے گھبرانا نہیں ہے۔
کشمیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کٹ سکتا ہے مگر کشمیر پر سودا نہیں کرسکتا۔ نواز شریف نے کشمیر کے بارے میں جامع پالیسی بنائی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے ہمارے خلاف عوام میں زہرگھول دیا۔ نواز شریف پاکستان کا معمار ہے۔ نواز شریف نے ملک میں موٹر ویز کا جال پھیلایا ، نواز شریف چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے۔ پاکستان جلد ترقی کے راستے پر گامزن ہو جائے گا۔ پاکستانی قوم نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے۔
آئی ایم ایف کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا آج بھی ہمارے سینگ آئی ایم ایف کے ساتھ پھنسے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم نے بجٹ میں عام آدمی کر ریلیف فراہم کیا ہے، سرکاری ملازمین کو بجٹ میں ریلیف فراہم کیا ہے۔ اسحاق ڈار دن رات محنت کررہے ہیں۔
نومنتخب صدر کا کہنا تھا ن لیگ میں نوجوان لیدڑشپ کی ضرورت ہے ، ہم سب ملکر اتحادی حکومت کو چلا رہے ہیں۔