پاکستان میں ذوالحج کا چاند نظر آگیا، عیدالاضحیٰ 29 جون کو ہوگی
دنیا بھر کے مسلمان عیدالاضحیٰ 10 ذوالحج کو مناتے ہیں۔
پاکستان کی رویت ہلال کمیٹی نے پیر کے روز ملک کے مختلف حصوں میں ذی الحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے۔
دنیا بھر میں عید الاضحیٰ 10 ذوالحج کو منائی جاتی ہے۔ اس لیے پاکستان میں عیدالاضحیٰ 29 جون کو منائی جائے گی۔
سعودی عرب نے پہلے تصدیق کی تھی کہ مناسک حج 27 جون کو ہوں گے اور اس کے بعد 28 جون کو عید الاضحیٰ منائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے
یونان کشتی حادثہ؛ ایک ایجنٹ گرفتار، تحقیقاتی کمیٹی بھی متحرک ہوگئی
پی ٹی آئی کے اسد امان نے میئر کراچی کیلیے حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کی وجہ بتادی
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اجلاس کی صدارت کی جس میں پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی)، پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) اور وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
اس کے ساتھ ہی زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں ہوئے۔
ابتدائی طور پر بعض زونل پینلز نے ذی الحج کا چاند نظر آنے کی تصدیق کی۔ بعد ازاں مرکزی کمیٹی کے چیئرمین نے باقاعدہ اعلان کیا۔
چاند کی رویت کا اعلان کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ ذی الحج کا چاند نظر آگیا ہے۔ عیدالاضحیٰ ان شاء اللہ بروز جمعرات 29 جون کو ہوگی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ کے مطابق یکم ذی الحج 20 جون بروز منگل کو ہوگی۔ اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، پشاور ، بہاولپور اور کئی دیگر شہروں سے چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔