پی ٹی آئی فارورڈ بلاک کے گلبر خان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان منتخب

گلبر خان مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی اور جے یو آئی (ف) کی حمایت سے بھاری اکثریت سے وزیراعلیٰ جی بی منتخب ہو گئے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارورڈ بلاک کے رہنما گلبر خان گلگت بلتستان (جی بی) کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فارورڈ بلاک کے رہنما گلبر خان گلگت بلتستان (جی بی) کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے، پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ارکان نے گلبر خان کی حمایت کی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہم خیال گروپ نے ووٹنگ کے عمل کا بائیکاٹ کیا۔

گلگت بلتستان اسمبلی کے چار ارکان نے اس عہدے کے لیے اپنے نامزدگی فارم جمع کرائے تھے۔ نامزد افراد میں گلبر خان، راجہ اعظم خان، جاوید علی منوا اور راجہ محمد زکریا شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیے

استحکم پاکستان پارٹی نے عقاب کو انتخابی نشان کے طور پر حتمی شکل دے دی

چیئرمین تحریک انصاف نے پیر کے روز تک اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کردیا

گلگت بلتستان (جی بی) کے وزیراعلیٰ کے لیے ووٹنگ دوپہر 12 بجے شروع ہوئی، اس دوران حاجی گلبر خان نے 20 میں سے 19 ووٹ حاصل کیے۔

تاہم، گلگت بلتستان اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اسمبلی میں اکثریت کو زبردستی اقلیت میں تبدیل کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کے ہم خیال گروپ کے 10 ارکان نے رات گئے الیکشن کا بائیکاٹ کیا۔

وزیراعلیٰ کے انتخاب کا بائیکاٹ کرنے والے ارکان نے الزام عائد کیا کہ ان کے ساتھی ارکان اسمبلی کو کروڑوں روپے کی رشوتوں کی آفرز کی گئیں ، جنہوں نے رشوت لینے سے انکار کیا انہیں گرفتاریوں اور قانونی چارہ جوئی کی دھمکیاں دی گئیں۔

متعلقہ تحاریر