وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس: سپریم کورٹ نے عمران خان کو طلب کرلیا

عدالت عظمیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 24 جولائی پیر کی صبح 10 بجے طلب کیا ہے۔

کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں سپریم کورٹ آف پاکستان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے کوئٹہ میں قتل ہونے والے وکیل قتل کیس میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو 24 جولائی پیر کی صبح 10 بجے طلب کرلیا ہے۔

کیس کی سماعت کرنے والے تین رکنی بینچ کی سربراہی جسٹس یحییٰ آفریدی نے کی ، جبکہ دیگر ججز میں جسٹس مظہر علی نقوی اور جسٹس مسرت ہلالی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو 29 اگست تک گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی

رانا ثناء اللہ نے اعظم خان کے بیان کو عمران خان کے خلاف چارج شیٹ قرار دے دیا

مزید تفصیل کے مطابق سپریم کورٹ کے جج جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پہلے درخواست گزار کو عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا ہوگا، جبکہ جسٹس مظاہر علی نقوی نے ریمارکس دیئے ہیں کہ عدالت کے سامنے سرنڈر کرنا اہم ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ان کے خلاف درج وکیل قتل کیس کی ایف آئی آر خارج کی جائے۔

اس موقع پر عمران خان کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کیس کی انکوائری کے لیے جو جے آئی ٹی بنائی گئی ہے وہ خلاف قانون بنائی گئی ہے۔ اس لیے میری عدالت سے استدعا ہے کہ کارروائی ختم کی جائے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ اس موقع پر کارروائی ختم نہیں کرسکتے جب تک ملزم خود کو عدالت کے سامنے سرنڈر نہیں کرتا۔

تاہم عدالت عظمیٰ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں 24 جولائی کو طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

متعلقہ تحاریر