فوجی عدالتوں میں شہریوں کا ٹرائل کرنے سے پہلے عدالت کو آگاہ کیا جائے، سپریم کورٹ
عدالت عظمیٰ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر درخواست کی 3 اگست کی سماعت کا حکم جاری کردیا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل سے متعلق کیس میں اپنے 3 اگست کی سماعت کے حکم میں حکومت کو پابند کیا ہے کہ وہ کسی بھی عام شہری کے خلاف فوجی عدالت میں مقدمہ چلانے سے پہلے اسے آگاہ کرے۔
3 اگست کی کارروائی کے جاری کردہ تحریری حکم نامے میں، عدالت نے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل نے حکومت کی جانب سے پہلے ہی سپریم کورٹ کو بتا دیا ہے کہ بینچ کو مطلع کیے بغیر کسی شہری پر مقدمہ نہیں چلایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے
ملازمہ رضوانہ تشدد کیس: تحقیقات کے لیے 5 رکنی جے آئی ٹی تشکیل
القادر ٹرسٹ کیس: عمران اور بشریٰ بی بی کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 3 اگست کو اٹارنی جنرل منصور اعوان نے آرمی ایکٹ کے تحت اعلیٰ ترین فوجی حکام سے خصوصی طور پر حاصل کردہ ہدایات پر اس یقین دہانی کو دہرایا ہے۔
تحریری حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ عدالت کو یقین ہے کہ حکومت اپنے وعدے پر قائم رہے گی۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ ’’اس مقصد کے لیے اٹارنی جنرل پہلے عدالت کو ان درخواستوں کی سماعت کی تاریخ پر بار میں دیے گئے بیان سے آگاہ کریں گے۔‘‘
حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ "عدالت، فریقین کو سننے کے بعد، اس کے بعد جو مناسب سمجھے کوئی حکم دے سکتی ہے۔”
حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں پر کیس کی اگلی سماعت کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی ہے۔
حکم نامے کہا گیا ہے کہ لوگوں کو اپیل کا حق دینے کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔