احکامات پر عدم عمل درآمد، آئی جی اسلام آباد پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد
اسلام آباد ہائیکورٹ نے شیریں مزاری کی ای سی ایل سے نام نکلوانے کی درخواست کے معاملے پر عدالتی حکم کے باوجود جواب جمع نہ کرانے پر آئی جی اسلام آباد پر 25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔
جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تین صفحات پر مشتمل تحریری آرڈر جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ آئی جی اسلام آباد کو آج تک جواب جمع نہ کرانے پر پچیس ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔ وہ آئندہ سماعت سے قبل پچیس ہزار روپے شیریں مزاری کو دیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے دو اگست کو آئی جی اسلام آباد کو شیریں مزاری کی درخواست پر ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کے مطابق دس اگست تک جواب جمع نہیں کرایا گیا جس کے بعد ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا بھی منظور کی گئی۔