تحریک انصاف کے ناراض اراکین پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے؟

وزیراعظم سنیچر کو کراچی آ کر اراکین صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں اعتماد میں لیں گے۔

پاکستان کے صوبہ سندھ میں پیپلزپارٹی (پی پی پی) سینیٹ انتخابات میں زیادہ سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے کے لیے سرگرم ہوگئی ہے اور خبریں آرہی ہیں کہ تحریک انصاف کے ناراض اراکین پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے۔

چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پریس کانفرنس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین سندھ اسمبلی سے رابطے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘تحریک انصاف کے کئی ارکان صوبائی اسمبلی پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کو تیار ہیں۔’ بلاول بھٹو نے تو یہاں تک بھی کہہ دیا تھا کہ وہ شو آف ہینڈز کی صورت میں بھی پی ٹی آئی کے خلاف ووٹ دیں گے۔

نیوز 360 کے ذرائع نے بھی اِس بات کی تصدیق کی ہے پی ٹی آئی کے ناراض منتخب اراکین سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی کے سینیٹرز کو ووٹ دیں گے۔

دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے ہر پریس کانفرنس میں یہ بتایا جارہا ہے کہ کئی ممبران رابطے میں ہیں۔ ووٹ حاصل کرنے کے لیے سندھ میں پارٹیاں سرگرم ہوگئی ہیں۔ جماعت اسلامی اور تحریک لبیک کے 2 رکن صوبائی اسمبلی کی بھی اہمیت بڑھ گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک ماہ قبل کچھ سیاسی حلقوں میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ پی ٹی آئی اراکین سندھ اسمبلی کی مشکوک سرگرمیوں اور رابطوں نے قیادت کو پریشان کردیا ہے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کی زیرصدارت اجلاس میں 7 پی ٹی آئی کے ارکین اسمبلی کے اجلاس سے غائب ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی کے ممبرانِ سندھ اسمبلی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ‘سب کان کھول کر سن لیں کہ آپ کو عمران خان کے نام پر ووٹ ملا ہے۔ سینیٹ کے انتخاب میں آپ کا ووٹ پارٹی کی امانت ہے۔ ہمارے پاس اطلاعات پہنچی ہیں کہ پیپلز پارٹی کے کچھ لوگ صوبائی اسمبلی کے اراکین سے رابطے کر رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ شو آف ہینڈز کا قانون الیکشن سے پہلے بن جائے۔’

یہ بھی پڑھیے

سینیٹ انتخابات میں اوپن بیلٹنگ کا ماحول گرم

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اب وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان سنیچر کے روز کراچی آکر ممبرانِ  صوبائی اسمبلی سے ملاقاتیں کریں گے اور سینیٹ انتخاب کے حوالے سے انہیں اعتماد میں لیں گے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہریار شر نے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘پارٹی چھوڑنے کی افواہیں غلط ہیں۔ پی ٹی آئی کو ہی ووٹ دوں گا۔’

متعلقہ تحاریر