محمد عبدالقادر کی سیاسی گگلیاں جاری
تحریک انصاف کی طرف سے پارٹی ٹکٹ واپس لینے کے بعد محمد عبدالقادر کو بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت مل گئی ہے۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے پارٹی ٹکٹ واپس لیے جانے کے بعد بلوچستان کی کاروباری شخصیت محمد عبدالقادر کی سیاسی گگلیاں جاری ہیں۔ سینیٹ انتخاب کے لیے اب محمد عبدالقادر کو بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی حمایت حاصل ہوگئی ہے۔
گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف نے صوبہ بلوچستان میں سینیٹ کا ٹکٹ محمد عبدالقادر کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر صوبائی عہدیداروں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ جس کے بعد تحریک انصاف نے محمد عبدالقادر سے ٹکٹ واپس لے لیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ ’بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ قادر صاحب سے واپس لے کر ظہور آغا کو جاری کیا جا رہا ہے کیونکہ کپتان ہمیشہ اپنے پارٹی ورکرز کی آواز سنتے ہیں۔‘
بلوچستان سے سینیٹ کا ٹکٹ قادر صاحب سے واپس لے کر ظہور آغا کو جاری کیا جا رہا ہے۔ کپتان ہمیشہ اپنے پارٹی ورکر کی آواز سنتا ہے۔
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) February 13, 2021
ٹکٹ واپس کرنے کے بعد بھی محمد عبدالقادر کی سیاسی گگلیاں جاری رہیں اور انہیں سینیٹ انتخاب کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کی حمایت حاصل ہوگئی ہے جس کا اعلان وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کیا ہے۔
جمعرات کے روز صحافیوں سے گفتگو کے دوران جام کمال خان نے محمد عبدالقادر کی جانب سے بلوچستان عوامی پارٹی کو فنڈز دینے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ سینیٹ انتخاب کے لیے تحریک انصاف اور بی اے پی کے مشترکہ امیدوار تھے لیکن پی ٹی آئی نے ان سے ٹکٹ واپس لے لیا ہے جس کے بعد اب وہ بلوچستان سے بی اے پی کے ٹکٹ پر سینیٹ انتخاب میں حصہ لیں گے۔
اِس سے قبل پاکستانی سیاست میں محمد عبدالقادر کا نام زیادہ نہیں سنا گیا۔ اُنہوں نے کسی سیاسی جماعت کے لیے اِس طرح کا کوئی کام نہیں کیا کہ اُن کا نام سینیٹ جیسے قانون ساز ادارے کے لیے کوئی بھی دو سیاسی جماعتیں دے سکیں۔ لیکن اب ایک کے بعد دوسری جماعت نے اُنہیں بلوچستان سے ٹکٹ دے دیا ہے۔ کاروباری شخصیت ہونے کی وجہ سے ان کو تحریک انصاف کے سابق رہنما جہانگیر ترین سے ملایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان نے حال ہی میں پاکستان میں تعمیراتی شعبے کی ترقی کے لیے خاصے اقدامات کیے ہیں اور محمد عبدالقادر کا تعلق بھی تعمیراتی شعبے سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اُنہیں بلوچستان میں موجودہ حکومت اور اُس کی اتحادی جماعتوں کا منظورِ نظر سمجھا جا رہا ہے۔









