فشریز میں من پسند شخصیت کی تعیناتی سے ملازمین سراپا احتجاج

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ملازمین کا کہنا ہے ادارے کے معاملات درست نہیں ہوئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔

محکمہ کوآپریٹو نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند شخصیت کو فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کراچی میں اہم عہدے پر تعینات کردیا ہے۔ تعیناتی کے خلاف ملازمین سراپا احتجاج ہیں۔ 

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں ساجد سوریو کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد ملازمین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ساجد سوریو نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے احکامات پر بھی خود ہی دستخط کیے۔

فشریز تعیناتی ملازمین احتجاج

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے چیئرمین حافظ عبدالبر کے اچانک استعفے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال مزید گھمبیر ہوگئی ہے اور ملازمین اس وقت شدید بے چینی کا شکار ہیں۔ عدالتی احکامات کے مطابق حافظ عبدالبر کو فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں انتخاب کرانے تک معاملات سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن محکمہ کوآپریٹو سندھ نے ان احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے ساجد سوریو کو فشریز میں ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ضروری احکامات جاری ہونے کے بعد متعدد ملازمین نے اپنے استعفے تیار کرلیے ہیں۔ فشریز کے ملازمین نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سے معاملے کی سنگینی کانوٹس لینے کی درخواست کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ساجد سوریو نے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی احکامات جاری کرنا شروع کردیے ہیں۔ تمام ملازمین کو صبح 9 بجے دفتر پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ چیئرمین خود اس موقع پر موجود نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا وزیراعظم اعتماد کے 172 ووٹ حاصل کر پائیں گے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ ساجد سوریو ملازمین کو ہراساں کررہے ہیں اور مختلف ملازمین کو عہدے سے ہٹانے کی باتیں بھی زبان زد عام ہیں۔ فشریز کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے باعث ملازمین بڑے احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں۔ ملازمین نے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت سے اپیل کی ہے کہ وہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے حافط عبدالبر کے استعفے کو نامنظور کریں اور عدالتی احکامات کے مطابق انتخاب تک انہیں ذمہ داریاں جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے۔

ذرائع کے مطابق فشریز میں من پسند شخصیت کی تعیناتی کے خلاف سراپا احتجاج ملازمین کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک معاملات درست نہ ہوئے تو حالات خراب ہونے کی ذمہ داری انتظامیہ پر ہوگی۔

متعلقہ تحاریر