جیز کا اشتہار منفی سوچ کو پروان چڑھانے کی کوشش

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ ’یہ انتہائی منفی اشتہار ہے جو کسی صورت ہمارے معاشرے کی عکاسی نہیں کرتا۔‘

پاکستان کی ٹیلی کام کمپنی ’جیز‘ نے اپنی تشہیر کے لیے عجیب طریقہ اپنایا ہے۔ اپنے صارفین کی تعداد بڑھانے کے لیے جیز نے حقیقت کے برعکس ایک ایسا اشتہار بنادیا ہے جو معاشرے میں منفی سوچ کو پروان چڑھا رہا ہے۔

آج کل سوشل میڈیا پر ٹیلی کام ادارے جیز کا ایک اشتہار گردش کر رہا ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ پولیس ایک شخص کو بٹھا کر اس سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ تفتیشی افسر پوچھتا ہے کہ اپنی بہن کو کیوں قتل کیا؟۔ جس پر وہ شخص جواب دیتا ہے کہ اس کی بہن کے پاس موبائل فون تھا اس لیے اسے قتل کردیا۔

اس کے بعد اشتہار میں بتایا جاتا ہے کہ پاکستان کی 50 فیصد خواتین موبائل فون سے محروم ہیں اور جیز مفت سِم دے کر خواتین کو بااختیار بنا رہا ہے۔

جیز نے اپنے اشتہار میں جس واقعے کی منظرکشی کی ہے وہ حقیقت کے بالکل مختلف ہے۔ کمپنی اس اشتہار کے ذریعے معاشرے میں منفی سوچ کو پروان چڑھا رہی ہے کیونکہ آج تک ملک کے کسی بھی علاقے ایسی خبر سامنے نہیں آئی ہے کہ کسی بھائی نے موبائل فون ہونے کی وجہ سے اپنی بہن کو مارا ہو۔

یہ بھی پڑھیے

گالا بسکٹ کا اشتہار اب نہیں چلے گا

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے لکھا کہ میرے خیال میں یہ انتہائی منفی اشتہار ہے جو کسی صورت ہمارے معاشرے کی عکاسی نہیں کرتا۔

ایک اور ٹوئٹ میں ڈاکٹر شہباز گل جاز کو پیشکش کی کہ وہ کمپنی کو ایسے گاؤں لے کر جائیں گے جہاں بھائی خود بہنوں کو فون دیں گے۔ انہوں نے کمپنی کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ آپ کتنے مفت فون دینے کو تیار ہیں؟۔

انہوں نے کمپنی کو مشورہ دیا کہ اگر ملک میں 50 فیصد خواتین کے پاس موبائل فون نہیں ہے تو انہیں مفت سِم نہیں بلکہ موبائل فون فراہم کریں۔

ایک صارف نے شہباز گل سے ایسے منفی اشتہارات کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جس پر شہباز گل نے بتایا کہ یہ ان کے اختیار میں نہیں ہے۔ یہ کام پیمرا کا ہے۔

جاز کمپنی کے اس اشتہار کو سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ یہ منفی سوچ پیدا کرنے کی کوشش ہے جس کے لیے جیز کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ پیمرا اس طرح کے اشتہارات کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

متعلقہ تحاریر