سندھ میں تحریک انصاف انتشار کا شکار

این اے 249 میں امجد آفریدی کو پارٹی ٹکٹ دینے پر تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔

وفاق کی حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) صوبہ سندھ خصوصاً کراچی میں انتشار کا شکار ہوگئی ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی فیصل واوڈا کے حلقہ انتخاب سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 پر پولنگ کا شیڈول جاری کردیا ہے جس کے مطابق حلقے میں انتخاب 29 اپریل کو ہوگا تاہم انتخاب سے قبل ہی صوبہ سندھ میں تحریک انصاف انتشار کا شکار ہوگئی ہے۔ نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف نے امجد آفریدی کو ٹکٹ جاری کیا ہے جس کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔

این اے 249 میں امجد آفریدی کو پارٹی ٹکٹ دینے پر پی ایس 116 سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ملک شہزاد اعوان نے امجد آفریدی کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو بھجوا دیا ہے۔

ملک شہزاد اعوان
DAWN

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ اس شخص کو کس بنیاد پر ٹکٹ دیا گیا ہے جو یو سی اور صوبائی اسمبلی کا انتخاب ہار چکا ہے؟ پورے ملک کی نظریں اس وقت این اے 249 پر ہیں اور ہمارا امیدوار بہت کمزور ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا گھر بلدیہ ٹاؤن ہے اور اپنے ہی گھر سے پارٹی کا جنازہ نکلتے ہوئے نہیں دیکھ سکتا۔ ہمیں ہر حال میں یہ نشست جیت کر وزیراعظم کو تحفے میں دینی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹ الیکشن میں ٹکٹس کی تقسیم پر ناراض

گذشتہ روز یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ این اے 249 پر ضمنی انتخاب سے متعلق تحریک انصاف اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان سیاسی اتحاد کا امکان ہے اور اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی کراچی کی قیادت کا ٹی ایل پی کی قیادت سے ٹیلیفونک رابطہ بھی ہوا ہے۔

این اے 249 کی نشست تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے مستعفی ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ 2018 کے عام انتخابات میں فیصل واوڈا نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو اس نشست پر شکست دی تھی۔ انہوں نے 35 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ شہباز شریف 35 ہزار ووٹ حاصل کر سکے تھے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما سینیٹ کے انتخاب میں ٹکٹس کی تقسیم کے معاملے پر ناراض ہوگئے تھے۔

ناراض عہدیداروں صداقت جتوئی، گل محمد رند، راجہ جاکھرانی، مبین جتوئی، محفوظ عرسانی اور اللہ بخش انڑ ممتاز نے ہنگامی پریس کانفرنس کے دوران سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ انتخاب کے لیے ٹکٹ دینے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

متعلقہ تحاریر