پیمرا کی ٹی وی چینلز کو انوکھی ہدایات
پیمرا نے ٹی وی چینلز کے پروگرامز میں نیب پر تبصروں کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی چینلز کو انوکھی ہدایات جاری کی ہیں۔ پیمرا نے ٹی وی شوز کو قومی احتساب بیورو (نیب) پر منفی تبصرہ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ حکومت پیٹرول کی قیمت میں جو اضافہ کر رہی ہے اس پر ٹی وی چینلز عوام کو ذہنی طور پر تیار کریں۔
بدھ کے روز پیمرا نے ٹی وی چینلز کے لیے ایک ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں پروگرام کے دوران نیب پر تبصرہ کرنے کو سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔
پیمرا کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’ٹی وی چینلز پر خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگرامز میں قومی احتساب بیورو (نیب) سے موقف لیے بغیر یکطرفہ تبصرے کیے جاتے ہیں جن کا مقصد مبینہ طور پر ریاستی اداروں کی بدنامی ہے۔ زیر سماعت اور زیر تفتیش مقدمات پر پروگرامزمیں تبصرہ کرنے کے بجائے پروگرامز کا مقصد عوام تک معلومات کی فراہمی ہونا چاہیے۔‘
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگلولیٹری اتھارٹی نے ہدایت نامے میں کہا ہے کہ یکطرفہ اور غیرضروری تبصرے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہیں۔ اس حوالے سے پیمرا پہلے بھی زیرالتواء مقدمات پر تبصرے کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کر چکا ہے۔
سینئر صحافی مظہر عباس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ ’پیمرا کا ہدایت نامہ آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہے۔‘
PEMRA’s latest notification asking tv channels to refrain from maligning NAB is a direct attack on freedom of the Press.
— Mazhar Abbas (@MazharAbbasGEO) March 25, 2021
جبکہ سینئر اینکر پرسن غریدہ فاروقی نے بھی اس ہدایت نامے پر تنقید کی ہے۔
نیب کی پیمرا کے ذریعے مقدس گائے بننے اور صحافیوں کو صحافت سکھانے کی کوشش۔۔۔ pic.twitter.com/eozUgoSsMr
— Gharidah Farooqi (@GFarooqi) March 24, 2021
ٹی وی چینلز کے پروگرامز میں نیب پر تبصرے روکنے کے علاوہ بدھ کے روز ہی پیمرا نے ایک اور ہدایت نامہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ’حکومت پاکستان عوام کو مستقل سستا پیٹرول فراہم کر رہی ہے لیکن میڈیا پر اس حوالے سے کوئی خاص بیانیہ نظر نہیں آرہا۔ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باوجود حکومت پاکستان قیمتوں کو کم سے کم تر رکھے ہوئے ہے۔ حکومت کا خیال ہے کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کافی کم ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیے
سینیٹ میں صحافیوں کی ملازمتوں کے معاہدوں تک پیمرا کی رسائی کا بل مسترد
پیمرا نے ٹی وی چینلز سے کہا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں بڑھتی ہوئی پیٹرول کی قیمتوں کی وجہ سے حکومت پاکستان پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ کرے گی ٹی وی چینلز اس پر عوام کو ذہنی طور پر تیار کریں۔