وزیر تعلیم کے حلقے محمود آباد میں خستہ حال سڑکیں اور کچرہ

علاقہ مکینوں نے سندھ حکومت سے علاقے کے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے علاقے محمود آباد میں سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ علاقے میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر ہیں اور نالوں کی صفائی نا ہونے کے برابر ہے۔

کراچی کے علاقے محمود آباد کی سڑکوں پر گڑھوں کی موجودگی کے باعث یہاں سفر کرنے والے اذیت کا شکار ہوتے ہیں۔ علاقے کی خستہ حالی کی وجہ سے لوگ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا آپریشن ”قانونی‘‘ وجوہات کی بنا پر ملتوی

وفاق پر تنقید کرنے والے وزیرتعلیم سندھ سعید غنی کی اپنے ہی حلقے میں عدم دلچسپی کے باعث محمود آباد مسائل کا گڑھ بنا ہوا ہے۔ سعید غنی نے محمود آباد سے ووٹ لینے کے باوجود بھی یہاں سڑکوں کی مرمت کروانے کے لیے عملی اقدام نہیں کیے۔ چنیسر گوٹھ سمیت محمو آباد کے کئی علاقوں میں گلیاں اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جب یہاں ضمنی انتخاب ہورہا تھا تو سعید غنی بڑی بڑی گاڑیوں کے ہمراہ آتے تھے لیکن اب محمود آباد کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ حکام یہاں سے ووٹ لینے کے بعد غائب ہوجاتے ہیں۔ سندھ حکومت کا یہاں نام ہے لیکن کام نہیں ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق محمود آباد میں سڑکیں خستہ حال ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں پانی کا بھی مسئلہ ہے۔ یہاں سیوریج کا نطام بھی ٹھیک نہیں ہے۔

علاقہ مکینوں نے سندھ حکومت سے علاقے کے مسائل حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ تحاریر