میٹرک، انٹر اور کیمبرج کے امتحانات ہوں گے

میٹرک اور انٹر کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے لیے جائیں گے جبکہ کیمبرج کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پورے ملک میں 40 لاکھ بچے نویں سے بارہویں جماعت کے امتحانات دیتے ہیں اور وزرائے تعلیم کی کانفرنس میں طے کیا گیا ہے کہ امتحانات ہوں گے۔ میٹرک اور انٹر کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے لیے جائیں گے جبکہ کیمبرج کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

پاکستان میں کرونا کی وباء کے باعث تعلیمی ادارے کئی مرتبہ کھولے اور بند کیے جاچکے ہیں جس کی وجہ سے طلباء پریشانی میں مبتلا تھے تاہم اب میٹرک، انٹر اور کیمبرج کے امتحانات کا اعلان ہوگیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے تمام اضلاع کرونا کی وباء سے متاثر نہیں ہیں۔ جو اضلاع وباء سے متاثر ہیں وہاں ایک سے آٹھویں جماعت تک اسکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا۔ 28 اپریل کے بعد دوبارہ جائزہ لیں گے کہ اسکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے کھول دیا جائے۔

اس کے علاوہ اے لیولز اور او لیولز کے پورے ملک میں 85 ہزار طلباء امتحانات دیتے ہیں لہٰذا امتحانات جاری رہیں گے اور کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرونا سے بچاؤ کی مکمل پابندی کی جائے گی۔  نویں سے بارہویں جماعت تک کے طلباء کو 19 اپریل سے سخت ایس او پیز کے تحت آنے کی اجازت ہوگی تاکہ امتحانات دیے جا سکیں۔

یہ بھی پڑھیے

شفقت محمود کے امتحانات کے اعلان پر طلباء کا احتجاج

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شفقت محمود اور ایگزامز کینسل ہوگا کے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کر رہے ہیں۔ طلباء وزیر تعلیم شفقت محمود سے ایک مرتبہ پھر امتحانات ملتوی کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایگزامز کینسل ہوگاکے ہیش ٹیگ میں مشہور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی طلباء کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے اس ہیش ٹیگ کا استعمال کرتے ہوئے لکھا کہ براہ کرم ہمارے بچوں کے بارے میں سوچیں۔ ہمیں ایسا متبادل راستہ تلاش کرنا ہوگا جس سے بچوں کو خطرہ نہ ہو۔

مشہور گلوکار عاصم اظہر نے شفقت محمود کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ بار بار تعلیمی اداروں کو کھولنے اور بند کرنے سے طلباء پریشان ہوگئے ہیں۔ براہ کرم کچھ کریں اور بچوں کا ساتھ دیں۔

متعلقہ تحاریر