شاباش عفت عمر! بس تھوڑی ہمت اور
عفت عمر نے غیر قانونی طریقے سے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پر معافی مانگ لی ہے۔
پاکستانی اداکارہ عفت عمر نے غیر قانونی طریقے سے کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پر معافی مانگ لی ہے۔ اُنہوں نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کرکے اپنے کیے پر شرمندگی کا اظہار کیا ہے اور آئندہ کے لیے احتیاط کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عفت عمر نے لکھا ہے کہ ’مجھے افسوس ہے اور میں شرمندہ ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں سے معافی مانگتی ہوں اور میں اس کا ازالہ کروں گی۔‘
I am sorry.I am ashamed.I apologise from the bottom of my heart.I will repent.
— Iffat Omar Official (@OmarIffat) April 6, 2021
اس ٹوئٹ پر کچھ صارفین نے عفت عمر پر تنقید کی تو بیشتر صارفین نے ان کی معافی مانگنے کے انداز کی تعریف کی۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’آپ اگر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لیں گی تو آپ کو معاف کردیا جائے گا۔‘
I will and having 10 ppl vaccinated🙏
— Iffat Omar Official (@OmarIffat) April 6, 2021
جس پر عفت عمر نے کہا کہ وہ ویکسین کی دوسری خوراک نہیں لیں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنی اس غلطی کا ازالہ کرنے کا کفارہ ادا کرنے کے لیے 10 افراد کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
عفت عمر کی دوسروں کو نصیحت لیکن خود بی بی فصیحت
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کے گھر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں خاندان کی خواتین کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگواتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔ ان خواتین میں عفت عمر بھی شامل تھیں۔
پنجاب کے وزیر طارق بشیر چیمہ کی فیملی کے لئے کرونا ویکسین گھر بھجوائی گئی اور عوام کرونا ویکسین ڈھونڈتی پر رہی ہے @RehamKhan1 pic.twitter.com/Dq0WQvucKy
— RehmaN HameeD (@IamRHB) March 29, 2021
یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد عفت عمر پر تنقید کی جارہی تھی کیونکہ سرکاری سطح پر کرونا سے بچاؤ کی ویکسین 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کو لگائی جارہی ہے اور عفت عمر 60 برس کی نہیں ہیں۔
جس کے بعد عفت عمر نے ٹوئٹر پر جھوٹی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ کین سائنو ویکسین کا ٹرائل بوسٹر تھا جو یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز نے اس سے پہلے بھی فراہم کیا تھا۔ یہ غیرقانونی نہیں ہے۔‘
غیرقانونی طریقے سے ویکسین لگوانے کے بعد عفت عمر نے ڈھٹائی سے یہ اس کے قانونی ہونے کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ایک بار پھر ان پر تنقید شروع ہوگئی تھی۔ ٹوئٹر صارفین نے اداکارہ کو مشورہ دیا تھا کہ جھوٹ بولنے سے پہلے تحقیق کرلیا کریں کیونکہ ویکسین کی آزمائش (ٹرائل) ختم ہوچکی ہے اور اگر آزمائش ہو بھی رہی ہوتی تو کسی کے گھر میں ویکسین نہیں لگتی۔
جس کے بعد عفت عمر نے اپنی وضاحتی ٹوئٹ حذ ف کردی تھی۔ تاہم اب عفت عمر نے اس معاملے پر بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی ہے اور غلطی کا ازالہ کرنے کا بھی ارادہ کیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ جس طرح عفت عمر نے ویکسین کے معاملے پر کی گئی غلطی پر معافی مانگی ہے اسی طرح علی ظفر کے ہتک عزت کے دعوے میں میشا شفیع کی طرف سے ’جھوٹی گواہی‘ دینے پر بھی معذرت کریں۔
سوشل میڈیا صارفین کو لگتا ہے کہ عفت عمر ’جھوٹی گواہی‘ دے رہی ہیں کیونکہ عدالت میں پیشیوں کے موقع پر میشا شفیع بھی غیرحاضر رہتی ہیں اور ان کے گواہان بھی۔