فیصل واوڈا اور مطیع اللہ جان کے درمیان لفظی جنگ
مطیع اللہ جان نے ایک بار پھر فیصل واوڈا کی دوہری شہریت سے متعلق سوال کیا ہے جس کا وہ پہلے بھی جواب دے چکے ہیں۔

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا اور سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کے درمیان لفظی جنگ جاری ہے۔ مطیع اللہ جان نے ایک بار پھر فیصل واوڈا کی دوہری شہریت سے متعلق سوال کیا ہے جس کا وہ پہلے بھی جواب دے چکے ہیں۔
گذشتہ ماہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل واوڈا دوہری شہریت کے کیس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ اس موقع پر فیصل واوڈا کی سینیئر صحافی مطیع اللہ جان سے تلخی پیدا ہوگئی تھی اور صحافی بار بار ان سے امریکی شہریت ترک کرنے کی تاریخ کے بارے میں سوال کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیے
فیصل واوڈا کے سرپر نااہلی کا خطرہ منڈلانے لگا
مطیع اللہ جان نے جب فیصل واوڈا سے دوہری شہریت سے متعلق سوال کیا تھا تو انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ’آپ میرے خلاف ویڈیو بنائیں اور خوب مرچ مصالحہ ڈال کر اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو اپلوڈ کریں۔‘
Vultures of media/fake news propagandists like Matiullah Jan exposed. I will keep exposing others too. pic.twitter.com/a7R1ZLa1CV
— Senator Faisal Vawda (@FaisalVawdaPTI) March 18, 2021
اب سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں مطیع اللہ جان فیصل واوڈا سے وہی سوال پوچھ رہے ہیں۔ لیکن اس مرتبہ فیصل واوڈا نے غصہ یا ناراضگی اختیار کرنے کے بجائے جوابی طور پر اُن سے ہی سوال کرلیا ہے۔
فیصل واوڈا نے مطیع اللہ جان سے سوال کیا کہ ’آپ کو پاکستان ملٹری اکیڈمی سے کیوں برطرف کیا گیا تھا؟ آپ مجھے وجہ، وقت اور تاریخ بتائیں جب یہ ہوا؟ تب میں آپ کو اپنی امریکی شہریت ترک کرنے کی تاریخ بتادوں گا۔‘
Senator Faisal Vawda and journalist @Matiullahjan919 pic.twitter.com/iB2mx7JHKn
— Murtaza Ali Shah (@MurtazaViews) April 6, 2021
واضح رہے کہ فیصل واوڈا کے خلاف دوہری شہریت کا کیس کافی عرصے سے چل رہا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق فیصل واوڈا نے 2018 کے عام انتخابات کے لیے 11 جون 2018 کو الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم اس وقت وہ امریکی شہریت رکھتے تھے۔
فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے 18 جون 2018 کو منظور کیے تھے۔ فیصل واوڈا نے 22 جون 2018 کو امریکی شہریت ترک کرنے کے لیے کراچی میں امریکی قونصلیٹ میں درخواست دی تھی جسے 25 جون 2018 کو منظور کیا گیا تھا اور فیصل واوڈا کو امریکی شہریت چھوڑنے کا سرٹیفکیٹ جاری ہوا تھا۔