پی ڈی ایم میں 2 جماعتیں 8 جماعتوں پر بھاری

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کر چکے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل دیگر 8 جماعتوں کو زچ کردیا ہے۔

پیر کے روز پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پی ڈی ایم کے تمام عہدوں سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسمبلیز سے استعفے کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کا موقف پہلے بھی واضح تھا اور اب بھی واضح ہے کہ وہ اسمبلیز سے استعفے نہیں دے گی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل دیگر جماعتیں استعفے دینا چاہتی ہیں تو یہ ان کا اپنا فیصلہ ہوگا۔ کوئی جماعت ہمیں استعفوں کے معاملے پر حکم نہیں دے سکتی۔

تاہم اب پیپلز پارٹی کے دو ٹوک موقف کے بعد پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں نے استعفوں کے معاملے پر کوئی اعلان یا بیان نہیں دیا ہے۔

پی ڈی ایم

اس سے قبل پیر ہی کے روز پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پی ڈی ایم کی جانب سے موصول ہونے والے اظہار وجوہ کے نوٹس کو پھاڑ کر پھینک دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست عزت کے لیے کرتے ہیں اور اگر عزت نہیں تو کچھ نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پیپلزپارٹی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد نیا اتحاد بنائے گی؟

منگل کے روز پی ڈی ایم کی 8 جماعتوں کا اہم اجلاس مولانا فضل الرحمٰن کی زیرصدارت ہوا تھا جس میں پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے معاملے پر سیرحاصل گفتگو کی گئی تھی۔ اجلاس میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد کی مستقبل کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔

پی ڈی ایم
Courtesy: Dawn

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے وضاحت طلب کرنا ہمارا حق تھا۔ ہمیں توقع ہی نہیں تھی کہ وہ باپ کو باپ بنائیں گے تاہم اب بھی پیپلزپارٹی اور اے این پی کے لیے موقع ہے کہ اپنے فیصلوں پر نظرثانی کریں اور پی ڈی ایم سے رجوع کرلیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کے روز گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگارا سید صدر الدین شاہ راشدی سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

پی ڈی ایم

سیاسی تجزیہ کار بلاول بھٹو زرداری کی پیرپگارا سے ملاقات کو سیاسی پیش قدمی سے تعبیر کررہے ہیں۔

متعلقہ تحاریر