ضمنی انتخاب ٹالنا، کرونا بہانہ، مریم نواز نشانہ

محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔

سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) سے کراچی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ضمنی انتخاب روکنے کا یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی انتخابی مہم قریب ہے۔ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ کرونا کا بہانہ بنا کر مریم نواز کو انتخابی مہم سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سندھ حکومت نے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ این اے 249 میں کرونا کی وباء کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے اس لیے انتخاب ملتوی کردیا جائے۔ کراچی اور حیدرآباد میں کرونا کی وباء کے پھیلاؤ کی شرح 3 سے 8 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

ٹی ایل پی سے متعلق مولانا فضل الرحمٰن نے اتحادیوں کو مشکل میں ڈال دیا

سندھ حکومت کے خط کے متن میں بتایا ہے کہ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیرعلاج ہیں۔ اس صورتحال میں ریلیاں، جلسے اور جلوس سے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ انتخابی مہم میں دیگر صوبوں سے بھی عوام کی آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔ انتخاب ملتوی نہ کیے گئے تو اموات میں اضافہ اور اسپتالوں میں جگہ کم پڑنے کا خدشہ ہے۔

خط کے مطابق کسی ناگہانی صورتحال سے محفوظ رہنے کے لیے الیکشن کمیشن کو فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انتخابی سرگرمیاں کرونا کی وباء کی صورتحال کو مزید خراب کرنے کی وجہ بن سکتی ہیں۔ حکومت سندھ کا کہنا ہے کہ اس کا محکمہ صحت کرونا کی خراب صورتحال کا مقابلہ نہیں کرسکے گا۔ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ 29 اپریل کا ضمنی انتخاب کرونا کی وباء کی لہر ٹوٹنے تک ملتوی کیا جائے۔

2018 کے عام انتخابات میں اسی حلقے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فیصل واوڈا نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو انتہائی کم فرق سے شکست دی تھی۔ تاہم حال ہی میں فیصل واوڈا نے سینیٹ انتخاب کے بعد قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیا تھا جس کے بعد یہ نشست خالی ہوگئی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو این اے 249 کے ضمنی انتخاب میں (ن) لیگی امیدوار مفتاح اسماعیل کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے 24 اپریل کو کراچی پہنچنا تھا۔ لیکن سندھ حکومت کے ضمنی انتخاب روکنے کے مطالبے کے بعد مریم نواز کا 24 اپریل سے شروع ہونے والا کراچی کا 3 روزہ دورہ اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

اگر پاکستان میں کرونا کی بات کریں تو اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز صوبہ پنجاب سے سامنے آرہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ پنجاب سے 3 ہزار 228 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 104 اموات ہوئی ہیں۔ جبکہ سندھ میں اسی دوران صرف 3 اموات اور 737 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حال ہی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 75 ڈسکہ میں ضمنی انتخاب کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلائی گئی لیکن اس وقت کرونا کی وجہ سے انتخاب ملتوی کرنے کا مطالبہ نہیں کیا گیا۔ حالانکہ این اے 75 کے ضمنی انتخاب صوبہ پنجاب میں ہوئے تھے جو پاکستان میں کرونا کی وباء سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ ہے۔ پنجاب کے مقابلے میں صوبہ سندھ میں انتہائی کم کیسز اور اموات کے باوجود کرونا کی وباء کا بہانہ بنا کر دراصل مریم نواز کو انتخابی مہم سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

متعلقہ تحاریر