خیبرپختونخوا کے وزیر صحت کے خلاف کارروائی
ضلعی انتظامیہ پشاور کے مطابق تیمور سلیم جھگڑا، حجرہ ریسٹورنٹ کے مالک اور منیجر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے پشاور کے حجرہ ریسٹورنٹ میں دوستوں کے ساتھ افطاری کر کے کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے جس پر پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے ریسٹورنٹ کو سیل کردیا ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کرونا سے متعلق خبریں اور آگاہی فراہم کرتے ہیں جسے دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ وباء سے متعلق بہت سنجیدہ ہیں۔ دو روز قبل ہی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے سے متعلق ویڈیو شئیر کی تھی۔
احتیاط بہتر ہے – ہمارا رویہ زندگیوں کو بھی بچائے گا اور صحت کے نظام کو بھی pic.twitter.com/jmiJNdgkGm
— Taimur Khan Jhagra (@Jhagra) April 25, 2021
لیکن اب تیمور سلیم جھگڑا نے خود کرونا سے بچاؤ کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر گردش کرر ہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
ڈاکٹر یاسمین راشد کی کرونا اور کینسر سے بیک وقت لڑائی
پشاور کا حجرہ ریسٹورنٹ کرونا کی وباء کے باعث بند تھا لیکن خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے دوستوں کے لیے اس ریسٹورنٹ کو کھلوا کر افطاری دی ہے۔ سوشل میڈیا پر تصاویر اور خبر وائرل ہوئی تھی کہ حجرہ ریسٹورنٹ میں وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا سمیت درجنوں افراد افطاری کر رہے ہیں۔ جس کے بعد پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے نوٹس لیتے ہوئے حجرہ ریسٹورنٹ کو سیل کردیا ہے۔
پشاور کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق ریسٹورنٹ کے منیجر نے بتایا کہ انہوں نے وزیر صحت کو منع کیا تھا کہ ریسٹورنٹ کے اند کھانا کھلانے پر پابندی عائد ہے تاہم شرکاء اپنے ساتھ باہر سے کھانا لائے تھے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وزیر صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا سمیت حجرہ ریسٹورنٹ کے منیجر اور مالک کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس کو مراسلہ جاری کردیا گیا ہے۔ قانون سے بالاتر کوئی بھی نہیں ہے۔ حکومتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ضلعی انتظامیہ پشاور بلا تفریق کارروائیاں کر رہی ہے۔